1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

’سیلاب رحمت بن کر آیا‘

25 جولائی 2011

کہتے ہیں کہ بحران اور مصیبت میں کوئی نہ کوئی مصلحت بھی پوشیدہ ہوتی ہے۔ پاکستان میں گزشتہ برس کے سیلاب کے متاثرین میں سے ایک بخش علی لاشاری بھی ہیں، جو مشکلات کے باوجود خیموں میں زندگی گزارنے کو فوقیت دے رہے ہیں۔

https://p.dw.com/p/122pm
تصویر: DW

گزشتہ برس آنے والے سیلاب نے پاکستان کے صوبہ سندھ سے تعلق رکھنے والے بخش علی لاشاری کا گھر تو اجاڑ ہی دیا لیکن اسے اُس خوف اور ڈر سے بھی نجات مل گئی، جو ہر وقت موت بن کر اس کے سر پر منڈلاتا رہتا تھا۔ وہ اور اس کا خاندان آج کل ایک خیمے میں زندگی برس کر رہے ہیں۔ سیلاب کا پانی اترنے کے باوجود بھی وہ اپنے گھر لوٹنا نہیں چاہتا۔ ’’میں نہیں چاہتا کہ میں دوبارہ اُس جاگیردارانہ نظام کا حصہ بن جاؤں، جہاں قرضوں او شادیوں کا نتیجہ اکثر موت پر ہی منتج ہوتا ہے۔‘‘

Pakistan nach der Flut
بہت سے لوگ جاگیردارانہ نظام کے ڈر کی وجہ سے خیموں میں زندگی گزارنے کو فوقیت دے رہے ہیںتصویر: DW

لاشاری بتاتے ہیں کہ ایک با اثر قبیلے کی ایک خاتون نے ان کے خاندان کے ایک شخص سے شادی کر لی۔ ’’شادی کے بعد وہ جوڑا تو اچانک غائب ہو گیا لیکن مصیبت ہم پر ٹوٹ پڑی۔ دونوں قبائل میں دشمنی شروع ہو گئی اور انہوں نے ہمیں ڈرانا دھمکانا شروع کر دیا۔‘‘

وہ مزید بتاتے ہیں کہ اگر سیلاب نہ آتا تو شاید معمول کی زندگی میں لوٹنا ایک خواب ہی رہ جاتا۔ ’’سیلاب کی وجہ سے ہمیں گاؤں چھوڑ کو بھاگنا پڑا اور ہم نےعارضی کیمپوں میں آ کر پناہ لی۔ یہاں نہ تو دشمنی تھی اور نہ ہی قتل کیے جانے کا ڈر۔ سیلاب ہمارے لیے ایک رحمت بن کر آیا، اب ہم واپس نہیں جانا چاہتے۔‘‘

سیلاب کا پانی اترنے کے ساتھ ہی متعدد کیمپ باقاعدہ طور پر بند کر دیے گئے ہیں۔ بہت سے افراد، جو مختلف وجوہات کی وجہ سے اپنے علاقوں میں واپس نہیں جانا چاہتے، اِنہی اجڑے ہوئے کیمپوں میں اپنے شب و روز بسر کر رہے ہیں۔ امدادی تنظیموں کی غیر موجودگی میں ان عارضی بستیوں کی حالت انتہائی ابتر ہو چکی ہے۔

Flash-Galerie Pakistan Flut
سیلاب کا پانی اترنے کے باوجود بھی وہ اپنے گھر لوٹنا نہیں چاہتا، لاشاریتصویر: AP

صحافی جعفر میمن کے بقول ان میں سے بہت سےافراد ایسے ہیں، جو بنیادی سہولیات کے فقدان کے ساتھ تو رہنے پر راضی ہیں لیکن وہ موت کے خوف کے سائے میں زندگی گزارنا نہیں چاہتے۔ بخش علی لاشاری کی طرح بہت سے متاثرین ایسے ہیں، جن کا کسی بھی قیمت پر ان کی پرانی زندگی کی جانب لوٹنا ممکن نظر نہیں آ رہا۔ ’’بیشک حکومت ہمارے گھر دوبارہ تعمیر بھی کر دے، تو بھی ہم واپس نہیں جائیں گے۔‘‘

رپورٹ: عدنان اسحاق

ادارت: امجد علی

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں