1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

سڈنی میں شکست، ون ڈے سیریز بھی ہاتھ سے گئی

22 جنوری 2017

آسٹریلیا کی قومی کرکٹ ٹیم نے سڈنی میں کھیلے گئے چوتھے ون ڈے میچ میں پاکستان کو چھیاسی رنز سے شکست دے کر پانچ میچوں کی سیریز میں تین ایک سے فیصلہ کن برتری حاصل کر لی ہے۔

https://p.dw.com/p/2WDHH
Cricket Pakistan - Australien in Brisbane
تصویر: Getty Images/B. Kanaris

اتوار کے دن سڈنی میں کھیلے گئے اس میچ میں آسٹریلوی کپتان اسٹیون اسمتھ نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کی اورمقررہ پچاس اوورز میں چھ کھلاڑیوں کے نقصان پر 353 رنز بنائے۔ تاہم پاکستانی ٹیم چوالیسویں اوور میں ہی 267 پر ڈھیر ہو گئی۔

کیا ’وائٹ واش‘ سے کوئی سبق بھی ملا؟

ایک اور ناقابل یقین شکست
2016: پاکستانی کھیلوں کے لیے سخت اتار چڑھاؤ کا سال

آسٹریلوی اوپنر ڈیوڈ وارنر نے اپنے مخصوص جارحانہ انداز میں کھیل کا آغاز کیا اور دھواں دھار کھیل کے ساتھ دو چھکوں اور گیارہ چوکوں کی مدد سے ایک سو انیس گیندوں پر 130 رنز بنائے۔ اس بہترین اننگز پر انہیں میچ کا بہترین کھلاڑی بھی قرار دیا گیا۔

وارنر کے علاوہ ٹریوس ہیڈ اور گیلن میکسویل نے بھی جارحانہ انداز اختیار کیا اور دونوں کھلاڑیوں نے بالترتیب اکاون اور اٹہتر رنز کی انفرادی اننگز کھیلی۔ آسٹریلوی کپتان اسمتھ نے انچاس رنز بنائے۔ پاکستان کی طرف سے حسن علی نے پانچ وکٹیں حاصل کیں۔

Cricket Muhammad Hafeez
سڈنی میں محمد حفیظ نے چالیس رنز کی جارحانہ انفرادی اننگز کھیلیتصویر: AP

پاکستان نے جب 354 رنز کا تعاقب شروع کیا تو کپتان اظہر علی جلد ہی پویلین سدھار گئے لیکن شرجیل خان نے اپنے مخصوص انداز میں عمدہ اننگز کھیلی۔ انہوں نے تین چھکوں اور دس چوکوں کی مدد سے انتالیس گیندوں پر چوہتر رنز کی شاندار انفرادی اننگز کھیلی۔

پاکستان کی طرف سے بابر اعظم، محمد حفیظ اور شعیب ملک نے بھی قدرے بہتر اننگز کھیلی تاہم وقفے وقفے سے وکٹیں گرتی رہیں اور پاکستانی ٹیم حوصلہ ہارتی گئی۔ یوں پاکستان کی تمام ٹیم 267 رنز پر آؤٹ ہو گئی اور مہمان ٹیم نے یہ میچ چھیاسی رنز سے جیت لیا۔

اس میچ میں کامیابی کے ساتھ ہی آسٹریلیا نے پانچ ایک روزہ میچوں کی یہ سیریز بھی جیت لی ہے۔ اس سیریز کا آخری میچ چھبیس جنوری کو ایڈیلیڈ میں کھیلا جائے گا۔ قبل ازیں تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں بھی آسٹریلیا نے پاکستان کو وائٹ واش کر دیا تھا۔