1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

سنِگارپور گراں پری، فیٹل نے امیدیں جگا دیں

عاطف بلوچ21 ستمبر 2015

سنِگاپور گراں پری میں جرمن ڈرائیور سباستیان فیٹل نے کامیابی حاصل کر لی ہے۔ ورلڈ چیمپئن برطانوی ڈرائیور لوئیس ہیملٹن کو اس ریس سے دستبردار ہونا پڑ گیا اور یوں امسالہ چیمپئن شپ ٹائٹل کے لیے فیٹل کی امیدیں بڑھ گئی ہیں۔

https://p.dw.com/p/1GZS1
فیراری کے ڈرائیور سباستیان فیٹل نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور وہ پہلے نمبر پر آئےتصویر: picture-alliance/dpa/R. Yongrit

اتوار کے دن سنگاپور میں منعقد ہوئی اس ریس میں فیراری کے ڈرائیور سباستیان فیٹل نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور وہ پہلے نمبر پر آئے۔ مرینا بے سٹریٹ سرکٹ پر منعقد ہوئی اس ریس میں فیٹل نے پول پوزیشن سے آغاز کیا اور آخر تک اپنی برتری قائم رکھی۔ اس ریس میں کامیابی کے ساتھ ان کے مجموعی پوائنٹس کی تعداد 203 ہو گئی ہے۔

مرسیڈیز کے ڈرائیور لوئیس ہیملٹن 252 پوائنٹس کے ساتھ پہلے نمبر ہیں لیکن سنگاپور گراں پری سے دستبردار ہونے کے نتیجے میں فیٹل ان کے قریب پہنچنے میں کامیاب ہوتے دکھائی دے رہے ہیں۔ ابھی امسالہ چیمپئن شپ کی چھ ریس ہونا باقی ہیں اور اگر فیٹل آئندہ بھی عمدہ کارکرگی دکھانے میں کامیاب ہوئے تو وہ اس سال کا ٹائٹل جیت بھی سکتے ہیں۔

اتوار کی ریس میں ہیملٹن چوتھے نمبر پر تھے کہ اچانک ان کی گاڑی کا انجن فیل ہو گیا اور یوں انہیں اس ریس سے دستبردار ہونا پڑا۔ اس ریس میں دوسرے نمبر پر ریڈ بل ٹیم کے ڈینیل ریکارڈو رہے جبکہ تیسری پوزیشن فیراری کے ڈرائیور کیمی رائکونین کے حصے میں آئی۔

Singapur Formel 1 - Sebastian Vettel
سنگار پور گراں پری میں کامیابی کے ساتھ فیٹل کے مجموعی پوائنٹس کی تعداد 203 ہو گئی ہےتصویر: picture-alliance/dpa/R. Yongrit

ریس کے بعد فیٹل نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا، ’’یہ میری چند بہترین ریسوں میں سے ایک ریس تھی۔ مجھ پر بہت زیادہ پریشر تھا۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ اگر آئندہ ہونے والی ریسوں میں بھی وہ اچھی کارکردگی دکھانے میں کامیاب رہے تو وہ پوائنٹس ٹیبل پر پہلے نمبر پر براجمان حریف ٹیم مرسیڈیز کے مزید قریب پہنچ جائیں گے۔

فیٹل رواں سیزن میں تیسری ریس جیتنے میں کامیاب ہوئے جبکہ مجموعی طور پر ان کے کیریئر کی یہ 42 کامیابی تھی۔ اگلی ریس جاپان میں سوزاکا سرکٹ میں ستائیس ستمبر کو منعقد کی جائے گی۔ فیٹل جاپانی گراں پری میں بھی کامیابی کے لیے پر امید ہیں۔