1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
تاريخ

سویڈن، ٹرک حملے کے ہلاک شدگان کی یاد میں خاموشی

بینش جاوید، روئٹرز
10 اپریل 2017

سویڈن میں دہشت گردی کا نشانہ بننے والوں کے لیے سٹاک ہوم  میں ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی ہے۔ اس موقع پر موجود ہزاروں سوگوار افراد نے ہلاک شدگان کو یاد کیا۔

https://p.dw.com/p/2azUq
Schweden Schweigeminute in Stockholm
تصویر: Reuters/A. Wiklund

خبر رساں ادارے روئٹرز نے بتایا ہے کہ دس اپریل بروز پیر سویڈن کے وزیراعظم  نے ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ان کا ملک کبھی بھی دہشت گردی کے آگے نہیں جھکے گا۔ گزشتہ جمعےکو سٹاک ہوم میں  ٹرک حملے میں چار  شہری ہلاک جبکہ  پندرہ افراد زخمی ہوگئے تھے۔ 

پیر کے دن سٹاک ہوم شہر میں ٹرک حملے میں ہلاک شدگان کی یاد میں اہم حکومتی عمارتوں پر  قومی پرچموں کو سر نگوں کر دیا گیا  جبکہ گرجا گھروں میں  گھنٹیاں بھی بجائی گئیں۔ اس یادگاری تقریب میں سویڈن کے وزیراعظم کے ہمراہ کالے لباس میں ملبوس سویڈن کا شاہی خاندان، سرکاری وزراء اور ایمرجنسی سروسز کے اہلکار بھی شریک تھے۔

پولیس نے اس حملے میں ملوث 39 سالہ ازبک شخص کو اپنی تحویل میں رکھا ہوا ہے۔ پولیس حکام کے مطابق انہیں یقین ہے کہ اسی شخص نے شراب کی بوتلوں کے ٹرک کو اپنے قبضے میں لیتے ہوئے ڈیپارٹمنٹ اسٹور میں لوگوں کو روند دیا تھا۔

نیوز ایجنسی روئٹرز کے مطابق اس مشتبہ شخص کی سویڈن میں مستقل رہائش کی درخواست منسوخ ہوچکی تھی اور اس شخص نے دہشت گرد تنظیم اسلامک اسٹیٹ کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔

Schweden Schweigeminute in Stockholm
تصویر: Reuters/C. Olsson

اس حملے نے سویڈن کے شہریوں پر یہ حقیقت عیاں کر دی ہے کہ ان کا ملک بھی ان دیگر یورپ ممالک کی طرح محفوظ نہیں ہے، جن کو دہشت گردانہ کارروائیوں کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ کئی افراد یہ سوال بھی اٹھا رہے ہیں کہ سویڈن جو برداشت اور آزاد خیال پالیسیوں کے لیے جانا جاتا ہے وہاں پولیس اور سکیورٹی سروسز کو کسی ناخوش گوار واقعہ سے بچنے کے لیے زیادہ اقدامات کرنے چاہییں۔

سٹاک ہوم میں ایک بنک ملازم شنکر راماسپو نے روئٹرز کو بتایا،’’ میں اب بھی شہر جانے سے خوف زدہ نہیں ہوں لیکن کسی وقت کچھ بھی ہو سکتا ہے۔‘‘  کئی سویڈش شہری آج اس حملے کے بعد پہلے روز اپنے دفاتر گئے ہیں۔ جس ڈیپارٹمنٹ اسٹور پر حملہ کیا گیا تھا وہ پہلے ہی عوام کے لیے کھول دیا گیا تھا۔