1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

’سویڈن دھماکے دہشت گردی‘، تفتیش کا رخ تبدیل

13 دسمبر 2010

دہشت گرد تنظیم القاعدہ کی حامی ایک ویب سائٹ کی طرف سے سویڈن بم دھماکوں کی ذمہ داری قبول کرنے کے اعلان کے بعد پولیس نے ان حملوں کی تحقیقات میں دہشت گردی کے ممکنہ عوامل کی جانچ بھی شروع کر دی ہے۔

https://p.dw.com/p/QWcn
تصویر: AP

اس تفتیش کا دائرہ کار اب برطانیہ تک پہنچ چکا ہے۔ اتوار کی رات کو پولیس نےبیڈفورڈشائر میں ایک گھر کی تلاشی لی۔ بتایا گیا ہے کہ یہ گھر مبینہ خود کش بمبار کا ہے۔ غیر مصدقہ اطلاعات کے مطابق خود کش بمبار، جس کی شناخت تیمورعبدالوہاب کے نام سے کی جا رہی ہے لیوٹن کا رہائشی تھا۔ سکارٹ لینڈ یارڈ کے مطابق اس تلاشی کے دوران نہ تو کسی کو گرفتار کیا گیا ہے اور نہ ہی کوئی مشتبہ شے برآمد ہوئی ہے۔

ہفتہ کو سویڈش دارالحکومت سٹاک ہولم کے ایک مرکزی علاقے میں دو کاریں یکے بعد دیگرے دھماکے سے تباہ ہو گئی تھیں، جس کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک جبکہ دو زخمی ہو گئے تھے۔ یہ دھماکے شام کو اس وقت ہوئے، جب مقامی لوگ کرسمس کی خریداری میں مصروف تھے۔

Stockholm Explosionen Jahresrückblick 2010 International FLASH Galerie
اگر یہ خود کش حملہ ہے تو سویڈن میں پہلی مرتبہ ایسی کارروائی ہو گیتصویر: AP

اتوار کو القاعدہ نیٹ ورک کی حامی شدت پسندوں کی ایک ویب سائٹ نے اس حملے کی ذمہ داری قبول کر لی۔ اس اعلان کے بعد سویڈش پولیس نے بھی اپنی تحقیقات کا رخ بدل دیا ہے۔ سٹاک ہولم کے مقامی خفیہ ادارے ’سیپو‘ کے سکیورٹی یونٹ کے سربراہ آندرس تھورن بیرگ نے صحافیوں کو بتایا، ’ ہم نے اس حادثے کی تحقیقات میں دہشت گردی کے ممکنہ عوامل کی جانچ پڑتال بھی شروع کر دی ہے۔‘

اتوار کو سٹاک ہولم میں ایک نیوز کانفرنس کے دوران تھورن بیرگ نے کہا، ’ ہمیں شبہ ہے کہ یہ ایک خود کش حملہ تھا۔‘ انہوں نے یہ شک بھی ظاہر کیا کہ اس واقعہ میں ہلاک ہونے والا واحد شخص شاید خود کش بمبار تھا، ’ اگر یہ ایک خود کش حملہ ہے تو سویڈن میں یہ ایسا پہلا واقعہ ہو گا۔‘

دریں اثناء مسلم انتہا پسندوں کی ایک ویب سائٹ نے حملہ آور کا نام اور تصویر شائع کر دی ہے۔ فرانسیسی خبر رساں ادارے نے اس ویب سائٹ کا حوالہ دیتے ہوئے لکھا ہے،’ یہ ہمارا بھائی تھا۔ تیمور عبدالوہاب نے سٹاک ہولم میں یہ کارروائی سرانجام دی ہے۔‘ جو تصویر شائع کی گئی ہے، اس میں کالی عینک اور مغربی لباس میں ملبوس ایک شخص دکھایا گیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق عبدالوہاب عراقی نژاد سویڈش شہری تھا، جو سن2001ء میں تعلیم کی غرض سے لندن چلا گیا تھا۔ شادی شدہ مبینہ خود کش حملہ آور کی کی بیٹیاں بھی تھیں۔

Stockholm Explosionen
جائے وقوعہ پر تحقیقاتی افسرتصویر: AP

دوسری طرف سیپو کے ترجمان نے انتہا پسندوں کے دعویٰ پر کوئی تبصرہ نہیں کیا ہے۔ سویڈش وزیر اعظم فریڈک رائن فیلڈ نے بھی کہا ہے کہ جلد بازی میں کسی نتیجے تک نہیں پہنچنا چاہئے، ’سویڈن میں اس طرح کا واقعہ رونما ہونا بالکل ناقابل برداشت ہے، لیکن اس سے پہلے کہ ہم کوئی نتیجہ اخذ کریں، ابھی بہت سے سوال حل طلب ہیں۔‘ جرمنی سمیت کئی دیگر مغربی ممالک نے سویڈن بم حملوں کی شدید مذمت کی ہے۔

رپورٹ: عاطف بلوچ

ادارت: ندیم گِل