1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

سوشل میڈیا راؤنڈ اپ اور آپ کی رائے

بینش جاوید
3 مارچ 2017

اس ہفتے ہیش ٹیگ پی ایس ایل پاکستان میں ٹاپ ٹرینڈنگ ہیش ٹیگ رہا۔ اس کے علاوہ نامور عبدالستار ایدھی کے یوم ولادت کے موقع پر ہیش ٹیگ ایدھی استعمال کرتے ہوئے ہزاروں افراد نے اس عظیم سماجی کارکن کو خراج عقیدت پیش کیا۔

https://p.dw.com/p/2YcD4
Dubai pakistanischer Cricket-Spieler Kamran Akmal
تصویر: PSL

اس ہفتے  ڈی ڈبلیو اردو کے فیس بک پیج پر جو ویڈیو سب سے زیادہ مقبول رہی، وہ کراچی کے اس اسٹریٹ اسکول کے بارے میں تھی،  جسے دو طالب علم چلا رہے ہیں۔ اس اسکول میں بے گھر بچوں کو مفت تعلیم دی جاتی ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ انہیں یومیہ پچاس روپے اور ان کے اہل خانہ کو گھر کے لیے ماہانہ راشن بھی فراہم کیا جاتا ہے۔

اس ویڈیو پر فیس بک صارف کاشف کمال نے لکھا،’’یہ بہت اچھی کاوش ہے اور ہم سب کو ان کی مدد کرنی چاہیے۔‘‘ اسی ویڈیو پر رمشہ چوہدری، قیصر علی، ریحان علی اور حادیہ خان نے کامنٹس کیے اور غریب بچوں کے لیے اسکول بنائے جانے کے اس اقدام کی تعریف کی۔ ناصر محمود نے لکھا، ''اپنی کوشش کو چھوٹا نہیں سمجھنا چاہیے اور مسلسل اپنی کوشش میں لگے رہنا چاہیے ۔ ہر نیک مقصد کو خدا کامیاب کرتا ہے کبھی جلدی کبھی دیر سے ۔‘‘

ہیش ٹیگ گُر مہر کور رواں ہفتے بھارت کے سوشل میڈیا پر بہت ٹرینڈ کرتا رہا۔ بیس سالہ لڑکی گُر مہر کور کو کئی حلقوں کی جانب سے شدید تنقید کا سامنا اس لیے کرنا پڑ رہا ہے کیوں کہ انہوں نے بھارتیہ جنتا پارٹی کے اسٹوڈنٹ وِنگ کو کالجوں میں مبینہ طور پر تشدد کرنے پر تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔

 اس کے علاوہ کور نے کارگل جنگ میں ہلاک ہونے والے اپنے والد کے حوالے سے کہا تھا، ’’میرے والد کو پاکستان نے نہیں، جنگ نے مارا تھا۔‘‘ کور کے والد بھارتی فوج میں کپتان تھے اور سن 1999 میں پاکستان کے ساتھ ہونے و الی کارگل جنگ میں ہلاک ہو گئے تھے۔

 کور کے اس پیغام کو بھارت میں شدید تنقید کا سامنا رہا۔ یہاں تک کے عالمی شہرت یافتہ بھارتی کرکٹر ورندر سہواگ نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر لکھا،’’میں نے تین مرتبہ سنچری نہیں بنائی بلکہ میرے بلے نے بنائی ہے۔‘‘ سہواگ کی یہ پوسٹ بھارت کے سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی اور کئی افراد نے اس بیس سالہ لڑکی کو دھکمیاں دینا شروع کر دیں۔ اس اسٹوری پر ہمیں فاطمہ شاہ زیب نے لکھا کہ وہ گُر مہر کے ساتھ ہیں۔

اس ہفتے 28 فروری کو پاکستان میں سوشل میڈیا پر  ٹاپ ٹرینڈنگ ہیش ٹیگ ایدھی تھا۔ گوگل سرچ انجن نے عبدالستار ایدھی کو ان کی 89ویں سالگرہ پر خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے انہیں ’رحمت کا فرشتہ‘ قرار دیا اور لوگوں سے اپیل کی کہ وہ  ایدھی کی زندگی کو یاد کرتے ہوئے مدد کے سلسلے کو آگے بڑھاتے رہیں۔

 دنیا بھر سے لوگوں نے پاکستان کے نامور سماجی کارکن  ایدھی کی وفات کے بعد ان کی پہلی سالگرہ پر خراج عقیدت پیش کیا۔ اس اسٹوری پر ہمیں فضل عباس نے لکھا کہ وہ، ’’ایک عہد ساز اور ایک عظیم شخصیت تھے۔‘‘ فائزہ صدیقی نے اپنے ایک کامنٹ میں لکھا، ’’ایدھی نے کہا تھا کہ انسانیت سے بڑا کوئی مذہب نہیں۔‘‘

اور آخر میں ذکر کرتے ہیں اس ہیش ٹیگ کا جو پاکستان میں سب سے زیادہ ٹریند کر رہا ہے اور وہ ہے ہیش ٹیگ پی ایس ایل فائنل۔ یہ فیصلہ ہو چکا ہے کہ پی ایس ایل کا فائنل لاہور میں ہوگا۔ پاکستان کے سابق مایہ ناز کرکٹر وسیم اکرم نے اس حوالے سے اپنی ٹوئٹ میں لکھا،’’یہ پاکستان کے لیے ایک کڑا وقت ہے کہ وہ ثابت کر سکے کہ وہ بیسٹ ہے۔ ہمیں تاریخ رقم کرنی چاہیے، کرکٹ پاکستان میں آرہی ہے۔‘‘