1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

سعودی حکومت القاعدہ کے جہادیوں کو ہلاک نہ کرے، القاعدہ

عابد حسین1 دسمبر 2015

شورش زدہ ملک یمن میں سرگرم القاعدہ کی شاخ نے سعودی حکومت کو خبردار کیا ہے کہ اگر اُس کے قیدیوں کو موت کی سزا دی گئی تو سعودی حکومت کو خطرناک نتائج کا سامنا کرنا پڑے گا۔

https://p.dw.com/p/1HF8u
یمن میں القاعدہ کے جنگجوتصویر: AFP/Getty Images

جزیرہ نما عرب میں سرگرم القاعدہ یا AQAP نے سعودی حکومت کو خبردار کیا ہے کہ وہ اُس کے کارکنوں کو موت کی سزا دینے سے گریز کرے۔ القاعدہ کی ذیلی شاخ نے کہا ہے کہ اگر اُس کے کارکنوں کو سزا دی گئی تو آلِ سعود سے انتقام لیا جائے گا۔ بعض سعودی حکومتی ذرائع کے مطابق اگلے ایام میں سعودی حکومت موت کی سزا کے منتظر چار درجن سے زائد قیدیوں کی سزا پر عمل کرنے والی ہے۔ ان میں القاعدہ کے کئی سرگرم کارکن بھی شامل ہیں، جن کو سعودی عدالتوں نے دہشت گرد قرار دے کر موت کی سزا سنائی تھی۔ مقید عسکریت پسند کئی دہشت گردانہ واقعات میں ملوث بتائے جاتے ہیں۔

یہ امر اہم ہے کہ جزیرہ نما عرب میں القاعدہ کی شاخ دہشت گرد تنظیم کے گلوبل نیٹ ورک میں انتہائی سفاک تصور کی جاتی ہے اور اِس کے کارکن خونریزی سے گریز نہیں کرتے۔ سعودی حکومت کو دھمکی آمیز پیغام میں ’خدا کی قسم کھا کر یہ عہد کیا گیا ہے کہ اُن کے مقید افراد کا مقدس خون جمنے سے قبل ہی آلِ سعود کے فوجیوں پر خون کی بارش شروع کر دی جائے گی‘۔ ٹویٹر پر جاری کیے گئے پیغام میں یہ بھی کہا گیا کہ آلِ سعود کی گردنوں کو اتارے بغیر چین نہیں لیا جائے گا۔

Anhänger der Al-Kaida auf der arabischen Halbinsel Jemen 2013
یمنی عدالت میں شدت پسند سزا سننے کے بعد القاعدہ کا جھنڈا لہراتے ہوئےتصویر: Yahya Arhab/picture alliance/dpa

گزشتہ ہفتے کے دوران سعودی میڈیا پر یہ خبریں ریلیز کی گئی تھیں کہ ریاض حکومت موت کی سزا کے منتظر پچاس قیدیوں کو ایک ہی دن سزا دینے کا پلان کر رہی ہے۔ ایسے تمام قیدیوں کو دہشت گردانہ الزامات کے تحت موت کی سزا سنائی گئی تھی۔ اب تک سعودی حکومت نے القاعدہ کے صرف دو مجرموں کی موت کی سزا پر عمل رواں برس کے اوائل میں کیا تھا۔ یہ دونوں افریقی ملک چاڈ کے شہری تھے اور یہ مختلف دہشت گردانہ حملوں میں بے شمار لوگوں کو ہلاک کر چکے تھے۔

یہ دھمکی ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب دو روز قبل اتوار کی شام میں تین سعوی فوجی یمن کی سرحد پر فائرنگ کے تبادلے میں ہلاک ہو گئے تھے۔ سعودی نیوز ایجنسی ایس پی اے نے حملہ آوروں کو دشمن عناصر سے تعبیر کیا ہے۔ فائرنگ کا تبادلہ جِزان صوبے کے حارث ضلع کے نواح میں ہوا۔ سعودی نیوز ایجنسی کے مطابق دشمن عناصر یمنی سرحد عبور کر نے کی کوشش میں تھے اور اِس دوران انہوں نے نگرانی کے چبوتروں پر کھڑے فوجیوں پر فائرنگ شروع کر دی۔ ریاض حکومت کے ذرائع نے یہ واضح نہیں کیا کہ آیا دشمن عناصر سعودی حدود میں داخل ہونے میں ناکام رہے ہیں۔