1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

سرینا ولیئمز کی فتوحات کا سلسلہ جاری

17 اگست 2011

خواتین ٹینس کی سابق عالمی نمبر ایک سرینا ولیئمز کی طویل عرصے بعد کھیل میں واپسی کے بعد فتوحات کا سلسلہ جاری ہے۔

https://p.dw.com/p/12I3g
تصویر: AP

ولیئمز نے گزشتہ روز چیک جمہوریہ کی لوسی ہراڈیکا کو باآسانی شکست دے کر مخالفین کے لیے خطرے کی گھنٹی بجا دی ہے۔ یہ مقابلہ سنسیناٹی کپ کے پہلے راؤنڈ کے سلسلے میں ہوا تھا۔ ولیئمز نے اس مقابلے میں چھ تین اور سات چھ سے کامیابی حاصل کی۔ مبصرین کے مطابق سرینا ولیئمز کی فارم واپس لوٹتی دکھائی دے رہی ہے مگر اس سٹار امریکی کھلاڑی کے قدرے بڑھے ہوئے وزن کو ان کی راہ کی ایک نئی مشکل قرار دیا جا رہا ہے۔

ولیئمز گیارہ ماہ تک ایک انجری کے سبب ٹینس سے دور رہنے کے بعد دوبارہ میدان میں اتری ہیں۔ اتوار کو ٹورانٹو کپ جیت کر وہ اپنے عزائم سب پر پہلے ہی واضح کرچکی ہیں۔

انجری سے واپسی کے بعد یہ سرینا ولیئمز کی مسلسل 12ویں فتح ہے۔ دوسرے راؤنڈ میں پہنچنے کے بعد سرینا کا کہنا تھا کہ اگرچہ وہ قریب ایک سال تک ٹینس سے دور رہنے کے بعد بہت تازہ دم محسوس کر رہی ہیں تاہم وہ اس صورتحال پر بھی ٹینس کھیلنے کو ہی ترجیح دیتیں۔ ولیئمز کا کہنا ہے کہ وہ ٹورانٹو، سٹینفرڈ اور اب سنسیناٹی اوپن محض اس لیے کھیل رہی ہیں تاکہ سیزن کے آخری گرینڈ سلیم ’یو ایس اوپن‘ کے لیے خود کو تیار کرسکیں۔

Serena Williams gewinnt Australian Open 2
سرینا 2009ء کے آسٹریلین اوپن کی ٹرافی کے ہمراہتصویر: AP

حالیہ جیت کے بعد اب سنسیناٹی اوپن کے دوسرے راؤنڈ میں سرینا ولیئمز کا مقابلہ آسٹریلیا کی سیمانتھا سٹوسر سے ہوگا۔ ٹورانٹو کپ کے فائنل میں انہی دونوں کا آمنا سامنا ہوا تھا۔ دوسرے راؤنڈ تک پہنچنے کے لیے سٹوسر نے یونان کی ایلینی ڈانی لیڈؤ کو یک طرفہ مقابلے کے بعد چھ تین اور چھ ایک کے بڑے مارجن سے ہرایا ہے۔

عالمی نمبر سات روس کی ماریہ شراپووا بھی دوسرے راؤنڈ میں پہنچ چکی ہیں جبکہ چین سے تعلق رکھنے والی عالمی نمبر پانچ لی نا اور عالمی نمبر آٹھ فرانس کی ماریو بارٹولی دوسرے راؤنڈ میں فتح کے بعد تیسرے راؤنڈ تک رسائی پا چکی ہیں۔

رپورٹ: شادی خان سیف

ادارت: حماد کیانی

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں