1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

زیادتی کی شکار دس سالہ پاکستانی لڑکی سپریم کورٹ کی تحویل میں

مقبول ملک
11 جنوری 2017

پاکستانی سپریم کورٹ نے استحصال و زیادتی کی شکار اور ایک اہم مقدمے کی مرکزی کردار ایک دس سالہ لڑکی کو اپنی تحویل میں لے لیا ہے۔ اس نابالغ بچی کی کہانی منظر عام پر آنے کے بعد ’پوری پاکستانی قوم سکتے‘ میں آ گئی تھی۔

https://p.dw.com/p/2Vcup
Symbolbild Kindesmisshandlung Bestrafung
تصویر: picture alliance/dpa/P. Pleul

پاکستانی دارالحکومت اسلام آباد سے بدھ گیارہ جنوری کے روز موصولہ نیوز ایجنسی ایسوسی ایٹڈ پریس کی رپورٹوں کے مطابق ملک کی اعلیٰ ترین عدالت نے اس لڑکی کو اپنی تحویل میں لیتے ہوئے اب اسے بچوں کی نگہداشت کے ایک مرکز میں بھجوا دیا ہے۔

اس بچی کو عدالت عظمیٰ نے آج اس وقت اپنی تحویل میں لیا، جب اسلام آباد میں سپریم کورٹ اس حوالے سے ایک مقدمے کی سماعت کر رہی تھی، جس میں پہلی بار یہ بچی اور اس کے والدین بھی عدالت میں پیش ہوئے۔

پاکستانی میڈیا رپورٹوں کے مطابق یہ بچی ایک بااثر جج کے گھر پر ملازمہ کے طور پر کام کرتی تھی اور اسے اس جج اور اس کی اہلیہ نے مبینہ طور پر تشدد کا نشانہ بنایا تھا۔

آج کی سماعت کے دوران سپریم کورٹ کے چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے اس بچی کے والد سے یہ بھی پوچھا کہ آیا اس نے مالی امداد کے بدلے اپنی بیٹی پر مبینہ تشدد کرنے والے افراد کو ’معاف‘ کر دیا ہے۔

آج کی سماعت کے دوران یہ بچی کمرہ عدالت میں حیرت زدہ لیکن خاموش بیٹھی رہی جبکہ چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے حکم دیا کہ اس مقدمے کی 18 جنوری کے روز اگلی سماعت تک یہ لڑکی عدالت کی حفاظت میں لیکن ایک چائلڈ کیئر سینٹر میں رہے گی۔

ایسوسی ایٹڈ پریس نے یہ بھی لکھا ہے کہ اسلامی جمہوریہ پاکستان کے غربت کے شکار حلقوں میں یہ بات عام ہے کہ ظلم و زیادتی کا شکار ہونے والے متاثرہ افراد مالی ادائیگیوں کے بدلے ظالموں کو معاف کر دیتے ہیں۔

Oberster Gerichtshof von Pakistan in Islamabad
بدھ گیارہ جنوری کے روز اس دس سالہ بچی پر ظلم اور تشدد کے مقدمے کی سماعت سپریم کورٹ کے چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کی کیتصویر: picture-alliance/dpa

جہاں تک اس بچی اور اس کے والدین کی شناخت کا تعلق ہے تو مقامی میڈیا کے باعث ان کی شناخت سے اب ہر کوئی واقف ہے تاہم نیوز ایجنسی اے پی نے پھر بھی اس بچی اور اس کے والدین کی شناخت اس لیے ظاہر نہیں کی کہ اس طرح اس بچی اور اس کے والدین کے مفادات کو نقصان پہنچ سکتا ہے یا پھر وہ ممکنہ طور پر مزید استحصال کا شکار ہو سکتے ہیں۔

اس مقدمے کی ایک اہم بات آج ہی طب قانونی کے ماہرین کی طرف سے عدالت کو بتائے جانے والے یہ حقائق بھی تھے کہ اس بچی کے جسم پر جلائے جانے کی وجہ سے کم از کم 22 ایسے حالیہ یا پرانے زخموں کے نشانات بھی موجود ہیں، جو بظاہر اس امر کا ثبوت ہیں کہ اسے تشدد کا نشانہ بنایا جاتا رہا ہے۔

اس بچی پر کیا جانے والا تشدد اسی مہینے اس وقت منظر عام پر آیا تھا جب اس کی کئی بہت پریشان کن تصویریں اچانک سوشل میڈیا پر گردش کرنے لگی تھیں۔ ان تصویروں میں اس کے جسم اور چہرے پر تشد دکی وجہ سے آنے والے زخم اور جگہ جگہ پڑنے والے نیل بھی دیکھے جا سکتے تھے۔

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں