1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

’زمین پر بدعنوانی‘، ارب پتی ایرانی تاجر کو سزائے موت

عاطف بلوچ6 مارچ 2016

ایران کی ایک عدالت نے معروف ارب پتی تاجر بابک زنجانی کو سزائے موت سنا دی ہے۔ عدالتی ذرائع کے مطابق ان پر بدعنوانی کے الزامات ثابت ہو گئے تھے۔

https://p.dw.com/p/1I8DD
Iran Korruption Babak Zanjani
تصویر: MEHR

خبر رساں ادارے روئٹرز نے ایرانی حکام کے حوالے سے اتوار چھ مارچ کو بتایا ہے کہ بزنس ٹائیکون بابک زنجانی کے ساتھ دو دیگر افراد کو بھی سزائے موت سنائی گئی ہے۔ عدالتی ذرائع کے مطابق ان تینوں افراد پر غیرقانونی منی لانڈرنگ کےالزامات ثابت ہو گئے تھے۔

دیگر دو افراد جنہیں موت کی سزا سنائی گئی ہے، ان کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی۔ مقامی میڈیا کے مطابق ان تینوں افراد پر فراڈ اور بدعنوانی کے الزامات ثابت ہوئے ہیں۔ بیالیس سالہ زنجانی کو حسن روحانی کے صدر کے عہدے پر تعینات ہونے کے بعد گرفتار کیا گیا تھا۔

عدالتی ترجمان غلام حسین محسنی نے اپنے ایک نشریاتی پیغام میں کہا، ’’عدالت میں ان افراد پر جرم ثابت ہو گیا تھا کہ وہ زمین پر بدعنوانی کے مرتکب ہوئے ہیں، اس لیے انہیں موت کی سزا سنائی گئی ہے۔‘‘ ایرانی قوانین کے مطابق ایسا شخص جو زمین پر بدعنوانی کا مرتکب ہوتا ہے، اس کی سزا موت ہے۔

زنجانی کا مقدمہ پانچ ماہ تک چلا۔ یہ امر اہم ہے کہ اس مقدمے کو خفیہ نہیں رکھا گیا جب کہ زنجانی اور دیگر مجرمان اپیل کا حق رکھتے ہیں۔ زنجانی کو سن 2013ء بھی اس وقت گرفتار کیا گیا تھا، جب سابق صدر احمدی نژاد کے دور میں بدعنوانی کے خلاف کریک ڈاؤن شروع کیا گیا تھا۔

Babak Zanjani Iran Korruption
ایران کی وزارتِ توانائی کے مطابق زنجانی نے دو بلین یورو سے زائد کی بدعنوانی کی ہےتصویر: Irna

ایران کی وزارتِ توانائی کے مطابق زنجانی نے دو بلین یورو سے زائد کی بدعنوانی کی ہے۔ عدالتی فیصلے میں زنجانی کو یہ حکم بھی دیا گیا ہے کہ وہ یہ تمام رقوم واپس کر دیں۔ تاہم زنجانی ان الزامات کو مسترد کرتے ہیں۔ ان کے وکیل نے کہا ہے کہ وہ اس عدالتی حکم کے خلاف اپیل کریں گے۔

زنجانی ایران کے سب سے زیادہ مالدار بزنس مین قرار دیے جاتے ہیں۔ ایک اندازے کے مطابق ان کے اثاثوں کی مالیت چودہ بلین ڈالر کے برابر ہے۔