1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ریکارڈ ساز تندولکر ایک اور سنگ میل کے قریب

13 جولائی 2011

ریکارڈ ساز بھارتی بلے باز سچن تندولکر کرکٹ کی دنیا میں ایک اور عالمی اعزاز اپنے نام کرنے جا رہے ہیں مگر وہ اس بار بھی ہمیشہ کی طرح ٹیم اسپرٹ کی بات کرتے ہیں۔

https://p.dw.com/p/11twM
تصویر: AP

تندولکر بین الاقوامی کرکٹ میں مجموعی طور پر 99 سینچریاں سکور کر چکے ہیں۔ اگلے ہفتے سے بھارتی ٹیم انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز کا آغاز کر رہی ہے، جس دوران سچن کو سینچریوں کی سینچری مکمل کرنے کے مواقع دستیاب رہیں گے۔ اس سے قبل سچن نے ٹیسٹ میچوں میں 51 اور ایک روزہ مقابلوں میں 48 سینچریاں سکور کر رکھی ہیں۔

برطانوی اخبار دی ٹیلی گراف کو دیے گئے انٹرویو میں لٹل ماسٹر کا کہنا تھا، ’’ میری کارکردگی کا راز یہی ہے کہ میں ریکارڈز کا تعاقب نہیں کرتا، میں یہی سوچتا ہوں کہ کھیل سے کس طرح بھرپور لطف اندوز ہوا جائے اور کیسے اس لطف کو بڑھایا جائے۔‘‘ سچن بے نیازی سے کہتے ہیں کہ جو بھی ریکارڈ وہ بناچکے ہیں اور جو مستقبل میں بنائیں گے، کوئی نہ کوئی اسے توڑ ہی دے گا۔

Flash-Galerie Indien Sachin Tendulkar
سچن عالمی کپ کے ساتھتصویر: AP

اگلے ہفتے لارڈز میں شروع ہونے والے ٹیسٹ میچ سے قبل سچن نے لارڈز کے میدان پر کھیلے گئے گزشتہ چار میچوں میں سب سے زیادہ 37 رنز کی اننگ کھیلی تھی، جو ان کے پائے کے بلے باز کے لیے انتہائی معمولی سکور ہے۔

سچن کہتے ہیں، ’’ اگر میں زیادہ لطف محسوس کروں تو فطری طور پر کھیل کا معیار بلند ہوتا ہے، میرے لیے یہ اہم ہے کہ اگر اچھا کھیلوں تو چیزیں خود بخود ہونے لگتی ہیں۔‘‘ بھارتی ٹیم کی مخالف انگلش ٹیم کے کپتان اینڈریو سٹراؤس اس حقیقت سے آگاہ ہیں کہ سینچریوں کی سینچریاں مکمل کرنا بہرحال ایک ریکارڈ ہے اور سچن اس حوالے سے دباؤ میں ہوسکتے ہیں۔ ان کے بقول، ’’ جتنی دیر ہم سچن کو 99 سینچریوں تک محدود رکھ سکیں اتنا ہی اچھا ہوگا۔‘‘

Indien Bangalore Cricket WM
سچن ایک خوبصورت کٹ شارٹ کھیلتے ہوئےتصویر: UNI

سچن تندولکر نے اپنے حالیہ انٹرویو میں کہا کہ جب انہوں نے کرکٹ کھیلنا شروع کیا تھا تو بھارت بھر میں 83ء کے عالمی کپ کی جیت کی مسرتیں بکھری ہوئی تھیں اور یوں ان میں بھی عالمی چیمپئن ٹیم کا حصہ بننے کی خواہش ابھری۔ وہ رواں سال اپریل میں ایک روزہ کرکٹ کا عالمی کپ جیتنے کو اپنی زندگی کے یادگار ترین لمحات میں شمار کرتے ہیں۔

38 سالہ بھارتی بلے باز نے 16 برس کی عمر سے کرکٹ کھیلنا شروع کیا اور گزشتہ 22 سال سے پیشہ ورانہ سطح پر کرکٹ کھیل رہے ہیں۔

رپورٹ: شادی خان سیف

ادارت: عدنان اسحاق

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید