1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ریبیری اور بینزیما پرکم عمرلڑکی سےجنسی فعل کاالزام

21 جولائی 2010

فٹ بال ورلڈ کپ کے ابتدائی راؤنڈ سے ہی واپس وطن لوٹنے والی فرانسیسی ٹیم کو ایک اور دھچکا لگا ہے۔ اس کے دو کھلاڑیوں پر ایک کم عمر جسم فروش لڑکی کے ساتھ جنسی فعل کا الزام ہے۔ ان پر ابتدائی الزامات عائد کر دیے گئے ہیں۔

https://p.dw.com/p/OQQi
فرونک ریبیریتصویر: AP

پیرس میں منگل کو ایک جج نے فٹ بال پلیئر فرونک ریبیری اور کریم بینزیما پر کم عمر جسم فروش لڑکی سے جنسی فعل میں ملوث ہونے پر ابتدائی الزامات عائد کئے۔ ایسی لڑکیاں فراہم کرنے والے ایک گروہ کے خلاف جاری تفتیش کے حوالے سے ان کھلاڑیوں سے منگل کو ہی پوچھ گچھ بھی کی گئی۔ انہیں تفتیشی عمل میں شامل کرنے کی درخواست ایک جج نے کی تھی جو پیرس کے ایک نائٹ کلب کی جانب سے کم عمر لڑکیاں فراہم کئے جانے کی تفتیش کر رہے ہیں۔

تاہم دونوں کھلاڑیوں نے اپنے خلاف الزامات سے انکار کیا ہے۔ اسی کلب میں ’گاہکوں‘ سے مبینہ طور پر ملنے والی ایک خاتون زاہیہ دیہار پہلے ہی تفتیش کاروں کو بتا چکی ہے کہ اسے دو کھلاڑیوں کے ساتھ جانے کے لئے پیسے دیے گئے تھے۔

ریبیری سے پولیس اسٹیشن میں پوچھ گچھ مکمل ہونے کے بعد ان کے وکیل نے صحافیوں کو بتایا کہ ان کے مؤکل نے 2009ء میں جب خاتون کو رقم دی تو اس وقت انہیں اس کی عمر کا اندازہ نہیں تھا۔

فرانس میں رضامندی کی عمر 15 سال ہے تاہم وہاں کے قانون کے مطابق 18 سال سے کم عمر جسم فروش سے جنسی فعل کم عمر کے ساتھ فعل تصور کیا جاتا ہے۔ اس پر تین سال قید اور 45 ہزار یورو جرمانے کی سزا ہے۔

Karim Benzema
کریم بینزیماتصویر: picture-alliance/ dpa

رواں برس کے آغاز پر پولیس نے پیرس میں زمان کیفے نامی نائٹ کلب پر چھاپہ مارا تھا۔ اس موقع پر 18 لڑکیوں کو جسم فروشی میں ملوث ہونے کے شبے میں گرفتار کیا گیا تھا۔

ریبیری جرمن کلب بائرن میونخ کے لئے بھی کھیلتے ہیں جبکہ بینزیما رئیل میڈریڈ کے کھلاڑی ہیں۔

رپورٹ: ندیم گِل

ادارت: شادی خان سیف

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید