1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

رومانیہ: ٹرک پر چاکلیٹ نہیں مہاجرین لدے ہوئے تھے

عاطف بلوچ، روئٹرز AP, AFP
31 دسمبر 2016

رومانیہ کی سرحدی پولیس نے چاکلیٹ لدے ایک ٹرک کی تلاشی لی، تو اس میں چھپے ہوئے 48 عراقی باشندے برآمد ہوئے۔ چاکلیٹ کو ایک جگہ سے دوسری جگہ پہنچانے کے کام پر مامور یہ ٹرک مہاجرین کو غیرقانونی طور پر سرحد عبور کروا رہا تھا۔

https://p.dw.com/p/2V5Qe
Österreich Tote Flüchtlinge in LKW entdeckt Parndorf Neusiedl am See
تصویر: Reuters/H-P Bader

خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس نے رومانیہ کی سرحدی پولیس کے حوالے سے بتایا ہے کہ بلغاریہ سے چاکلیٹ سے لدے ایک ٹرک کو روکا گیا، تو اس میں 48 مہاجرین چھپے ہوئے تھے۔ بتایا گیا ہے کہ ان میں 22 مرد، نو خواتین اور 17 نابالغ تھے۔ حکام کے مطابق اس ٹرک کی تلاشی اس وقت لی گئی، جب پولیس اہلکاروں کے آلات نے ٹرک میں کاربن ڈائی آکسائیڈ کی بہت زیادہ مقدار کی موجودگی کا بتایا۔ یہ گیس انسانی سانس کی صورت میں خارج ہونے والی کاربن ڈائی آکسائیڈ تھی اور اسی وجہ سے ٹرک کی تفصیلی تلاشی لی گئی۔

رومانیہ کی سرحدی پولیس کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ ٹرک بلغاریہ کا ایک شہری چلا رہا تھا۔ اس ٹرک پر موجود کاغذات سے معلوم ہوا کہ یہ ٹرک بلغاریہ کی بنی ہوئی چاکلیٹ ہنگری پہنچانے کا کام کرتا ہے۔ تارکین وطن نے بھی پولیس کو بتایا کہ وہ اصل میں ہنگری پہنچنا چاہتے تھے۔

پولیس کے مطابق ابتدائی تفتیش کے دوران ڈرائیور نے کہا کہ اسے معلوم ہی نہیں تھا کہ ٹرک پر تارکین وطن موجود ہیں۔ ڈرائیور اور مہاجرین سے بلغاریہ کی پولیس بھی تفتیش کر رہی ہے۔

واضح رہے کہ ترکی سے یورپی یونین میں داخلے کی کوشش کرنے والے وہ افراد بھی ہیں، جو بحیرہء ایجیئن کے راستے یونان پہنچنے کی بجائے زمینی راستہ اختیار کرتے ہوئے بلغاریہ میں داخل ہوتے ہیں۔ پھر یہیں سے وہ ہنگری کے ذریعے مغربی یورپ پہنچنے کی کوشش کرتے ہیں۔ ہنگری کی سرحد کی بندش کی وجہ سے سینکڑوں مہاجرین بلغاریہ میں پھنسے ہوئے ہیں۔