1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

روس اور بھارت کی مشترکہ فوجی مشقیں، تعاون کا نیا باب

عاطف بلوچ ڈی پی اے
17 اکتوبر 2017

روس اور بھارت کی مسلح افواج انیس تا انتیس اکتوبر مشترکہ فوجی مشقوں میں حصہ لیں گی۔ دونوں ممالک کی بَری، بحری اور فضائی افواج پہلی مرتبہ مشترکہ فوجی مشقوں میں شامل ہوں گی۔

https://p.dw.com/p/2lxqv
Indischer Panzer T-90
تصویر: picture-alliance/dpa/Sputnik/M. Voskresenskiy

خبر رساں ادارے ڈی پی اے نے سترہ اکتوبر بروز منگل بتایا ہے کہ بھارت اور روس کی تینوں مسلح افواج کی مشترکہ مشقیں دونوں ممالک کے مابین زیادہ بہتر رابطہ کاری میں مدد فراہم کریں گے۔

دونوں ممالک کی تاریخ میں ایسا پہلی مرتبہ ہو رہا ہے کہ مشترکہ طور پر بری، بحری اور فضائی فوجی مشقوں میں شرکت کر رہے ہیں۔ یہ امر اہم ہے کہ دونوں ممالک کی بحری افواج سالانہ مشترکہ فوجی مشقیں کرتی رہتی ہیں۔

سب سے بڑی بھارتی امریکی بحری جنگی مشقوں میں جاپان بھی شامل

بھارت کے ساتھ کشیدگی، پاکستانی فوج کی سرحد کے قریب مشقیں

روس اور پاکستان کے درمیان جنگی مشقیں

چینی اور پاکستانی فضائیہ کی مشترکہ عسکری مشقیں

بھارتی وزارت دفاع نے بتایا ہے کہ ’اندرا-2017‘ نامی یہ مشقیں روس کے مشرقی ملٹری ڈسٹرکٹ میں منعقد کی جائیں گی تاہم اس بیان میں اس عسکری مہم کے درست مقام کے بارے میں کوئی تبصرہ نہیں کیا گیا ہے۔

بیان کے مطابق سن دو ہزار سترہ ایک اہم سنگ میل ثابت ہو گا کیونکہ دونوں ممالک کی افواج کے مابین ہونے والی عسکری مشقوں کی نوعیت بدل دی گئی ہے۔

بھارتی فوج کے اعلیٰ اہلکار ستیش دوآ نے ان مشترکہ فوجی مشقوں کو اہم قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس طرح دونوں ممالک کی افواج کو موقع ملے گا کہ وہ انسداد دہشت گردی کی خاطر کثیر الاقوامی ماحول میں کام کر سکیں۔

بتایا گیا ہے کہ ان مشقوں میں بھارت کے 380 فوجی شریک ہوں گے۔ ان میں سے 80 کا تعلق فضائیہ سے ہو گا۔ دوسری طرف ان مشقوں میں روس کے ایک ہزار فوجی شریک ہوں گے۔

روسی اور بھارتی افواج کی مشترکہ مشقیں ایک ایسے وقت پر ہو رہی ہیں، جب بھارت کی چین اور پاکستان سے ملحقہ سرحدوں پر کشیدگی دیکھی جا رہی ہے۔ اسی طرح جنوبی ایشیا میں چین کے بڑھتے ہوئے اثرورسوخ پر بھارت تحفظات کا شکار بھی ہے۔

سوویت دور میں بھارت اور روس کے تعلقات انتہائی قریبی تصور کیے جاتے تھے۔ اس کے علاوہ ان دونوں ممالک کے مابین دفاع کے شعبے میں بھی تعاون پایا جاتا ہے۔ روس بھارت کو دفاعی آلات فراہم کرنے والا ایک بڑا ملک بھی ہے۔