1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

راولپنڈی ٹیسٹ: بنگلہ دیش کو ایک اننگز اور چوالیس رنز سے شکست

10 فروری 2020

پاکستان اور بنگلہ دیش کی قومی کرکٹ ٹیموں کے مابین راولپنڈی میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میچ میں مہمان ٹیم کو ایک بڑی شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ میچ کے چوتھے روز پاکستان نے بنگلہ دیش کو ایک اننگز اور چوالیس رنز سے ہرا دیا۔

https://p.dw.com/p/3XX3f
تصویر: Getty Images/AFP/A. Qureshi

دونوں ممالک کے مابین موجودہ ٹیسٹ سیریز کے اس پہلے میچ میں چوتھے روز کا کھیل شروع ہونے پر بنگلہ دیش کو اننگز کی شکست سے بچنے کے لیے 86 رنز کی ضرورت تھی اور اس کی صرف چار وکٹیں باقی تھیں۔ لیکن پیر دس فروری کی صبح پہلے ہی سیشن میں ڈیڑھ گھنٹے کے اندر اندر مہمان ٹیم اپنی دوسری اننگز میں صرف 168 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔

اس اننگز میں لیگ اسپنر یاسر شاہ نے 58 رنز دے کر چار وکٹیں حاصل کیں جبکہ فاسٹ بولر شاہین آفریدی نے 39 رنز دے کر ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ آفریدی نے دن کے پہلے ہی اوور میں بنگلہ دیشی کپتان اور اس وقت کریز پر موجود بلے باز مومن الحق کو 41 کے ذاتی اسکور پر ایل بی ڈبلیو کر دیا۔

میچ کا آخری روز ثابت ہونے والے چوتھے دن پاکستان کی طرف سے 16 سالہ بولر نسیم شاہ نے ایک بھی اوور نہ کرایا۔

وہ کل اتوار کو اس میچ کے تیسرے روز ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں ہیٹ ٹرک کرنے والے سب سے کم عمر بولر بن گئے تھے۔ لیکن اس ہیٹ ٹرک کے کچھ ہی دیر بعد ان کی پسلیوں میں درد ہونا شروع ہو گیا تھا اور وہ میدان سے باہر چلے گئے تھے۔ نسیم شاہ نے بنگلہ دیش کی دوسری اننگز میں 26 رنز دے کر چار وکٹیں حاصل کیں۔

Australien Cricket | Pakistans Naseem Shah
ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں ہیٹ ٹرک کرنے والے سب سے کم عمر بولر، پاکستان کے سولہ سالہ نسیم شاہتصویر: picture-alliance/AP Photo/T. Pickard

آج پیر کے روز بنگلہ دیش کی دوسری اننگز کے دوران آخری دونوں وکٹیں مسلسل دو اوورز میں یاسر شاہ نے حاصل کیں، جس دوران انہوں نے لٹن داس کو 29 اور ابو زید کو تین رنز پر آؤٹ کیا۔

عالمی ٹیسٹ چیمپئن شپ میں پاکستان اب چوتھے نمبر پر

اس ٹیسٹ میچ میں اپنی فتح کے ساتھ پاکستان اب آئی سی سی کی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ رینکنگ میں 140 پوائنٹس کے ساتھ چوتھے نمبر پر آ گیا ہے۔ اس فہرست میں اس وقت بھارت 360 پوائنٹس کے ساتھ پہلے، آسٹریلیا 296 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے اور انگلینڈ 146 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر ہیں۔

بنگلہ دیش کی ٹیم اب موجودہ سیریز کا دوسرا ٹیسٹ میچ کھیلنے کے لیے اپریل میں واپس پاکستان لوٹے گی۔ تب یہ مہمان ٹیم کراچی میں ایک ون ڈے انٹرنیشنل میچ بھی کھیلے گی، جو دونوں ممالک کے مابین موجودہ دورے کا واحد ایک روزہ بین الاقوامی میچ ہو گا۔

گزشتہ ماہ بنگلہ دیش کی قومی کرکٹ ٹیم نے سلامتی سے متعلق اپنے خدشات کی بنا پر پاکستان کے اپنے دورے کو تین مرحلوں میں تقسیم کرنے پر اتفاق کر لیا تھا۔ اس دورے کے پہلے مرحلے میں بنگلہ دیشی ٹیم لاہور میں کھیلی گئی ٹی ٹوئنٹی سیریز صفر کے مقابلے میں دو سے ہار گئی تھی۔

م م / ع ا (اے پی، روئٹرز)

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں