1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

راولپنڈی میں بم دھماکہ، کم از کم 24 افراد ہلاک

2 نومبر 2009

پاکستانی شہر راولپنڈی میں ایک ہوٹل کی پارکنگ میں ہونے والے خودکش بم حملے میں کم از کم 24 افراد ہلاک جبکہ 40 سے زائد زخمی ہوگئے ہیں۔

https://p.dw.com/p/KL3w
پاکستان کی شہری علاقے دہشت گردانہ حملوں کا شکار بن رہے ہیںتصویر: AP

پیر کی صبح یہ حملہ اس علاقے میں ہوا ہے، جس کا سیکیورٹی انتظام پاکسانی فوج نے سنبھال رکھا ہے۔ جائے واقعہ پاکستانی فوج کے ہیڈ کوارٹرز کے قریب ہی واقع ہے۔

پرتشدد کارروائیوں کے باعث اقوام متحدہ نے پاکستان کے شمال مغربی علاقے سے اپنا تمام غیر ملکی عملہ واپس بلانے کا اعلان کیا ہے۔ راولپنڈی کے انتظامی سربراہ امداد اللہ بوسال نے خبر رساں ادارے روئٹرز سے بات چیت میں واقعے کا خودکش حملہ قرار دیا ہے۔ انہوں نے حملے میں 24 افراد کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے۔

یہ حملہ ایک ایسے موقع پر پیش آیا ہے جب پاکستان کی حکومت نے تحریک طالبان پاکستان کے سربراہ حکیم اللہ محسود اور دیگر عسکیرت پسند رہنماؤں کے سر کی قیمت پانچ ملین ڈالر مقرر کی ہے۔

گزشتہ ہفتے شمال مغربی صوبہ سرحد کے دارالحکومت کے ایک مصروف بازار میں ہونے والے بم دھماکے میں سو سے زائد افراد ہلاک ہو گئے تھے۔ جنوبی وزیرستان میں پاکستانی فوج کی جانب سے عسکریت پسندوں کے خلاف بڑے فوجی آپریشن کے بعد سے طالبان پاکستان کے کئی علاقوں کو دہشت گردانہ حملوں کا نشانہ بنا چکے ہیں۔

خبررساں ادارے

ادارت : عاطف توقیر