1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

رافائل نادال جلد ہی دوبارہ ایکشن میں

16 جولائی 2009

رافائل نادال اگست میں منعقد ہونے والے مونٹریال ماسٹرز ٹینس ٹورنامنٹ میں شرکت کے لئے اگلے ہفتہ اپنی ٹریننگ کا آغاز کر دیں گے۔ وہ کچھ عرصے سے زخمی ہونے کے باعث ٹینس کورٹ سے باہر تھے۔

https://p.dw.com/p/IrAu
رافائل نادال ایک مرتبہ پھر بھرپور ایکشن میں دکھائی دیں گےتصویر: AP

فرنچ اوپن کے ایک میچ میں اسپین کے یہ کھلاڑی زخمی ہونے کے باعث روبن سوئڈرلنگ کے ہاتھوں شکست کے بعد اس ایونٹ سے باہر ہو گئے تھے۔

رافائل نادال اپنی کہنی کی تکلیف میں مبتلا ہونے کے باعث ومبلڈن اوپن ٹینس میں شرکت نہیں کر پائے تھے۔ اب انہوں نے اپنی ویب سائٹ پراعلان کیا ہے کہ وہ جلد ہی اپنی پریکٹس کا دوبارہ آغاز کرنا چاہتے ہیں۔ ’’مونٹریال کا ایونٹ بہت اہم ہے اور میں اس میں شرکت سے پہلے پوری طرح فٹ ہونا چاہتا ہوں۔‘‘

Rafael Nadal Tennis French Open
نادال اگست میں منٹریال ماسٹرز میں شرکت کے لئے پرامید ہیںتصویر: AP

ابھی حال ہی میں بارسلونا میں تفصیلی طبی معائنے کے بعد ان کے معالجین نے انہیں مشورہ دیا تھا کہ وہ دوبارہ اپنی پریکٹس شروع کر سکتے ہیں۔ نادال کا کہنا ہے کہ وہ آئندہ پیر کے روز سے اگلے ماہ ہونے والے مانٹریال ماسٹرز کے لئے بھرپور تیاری کا سلسلہ شروع کر دیں گے۔

نادال کی غیر موجودگی میں راجر فیڈرر نے نہ صرف ومبلڈن کا ٹائٹل بآسانی اپنے نام کر کے پندرہ گرینڈ سلیم جیتنے کا نیا عالمی ریکارڈ قائم کر دیا تھا بلکہ یوں انہوں نے رافائل نادال سے عالمی نمبر ایک کھلاڑی کا اعزاز بھی چھین لیا تھا۔

نادال نے گذشتہ برس اگست میں راجر فیڈرر ہی سے یہ پوزیشن چھینی تھی اور اس کے بعد رواں برس کے آغاز میں آسٹریلین اوپن گرینڈ سلیم کے فائنل میں فیڈرر کو شکست دے کر انہوں نے اپنی یہ پوزیشن مضبوط بھی کر لی تھی۔ اب لیکن انہیں دوبارہ عالمی نمبر ایک بننے کے لئے ایک بار پھر فیڈرر کے خلاف متاثر کن کارکردگی کا مظاہرہ کرناہوگا۔

رپورٹ : عاطف توقیر

ادارت : امجد علی