1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

دی ایڈونچر آف ٹِن ٹِن: سپر ہٹ فلم

11 نومبر 2011

ہالی ووڈ فلم انڈسٹری کے نامور ہدایتکار اسٹیون اشپیلبرگ کے نام پر کئی معرکتہ آرا فلمیں ہیں۔ ان میں انڈیانا جونز سیریز بھی شامل ہے۔ اب انہوں نے ایک اور مہماتی فلم عام نمائش کے لیے پیش کردی ہے۔

https://p.dw.com/p/138mH
دی ایڈونچر آف ٹِن ٹِن کا جرمن پوسٹرتصویر: 2011 Sony Pictures Releasing GmbH

دی ایڈونچر آف ٹِن ٹِن نامی فلم کرسمس کے موقع پر شمالی امریکہ میں ریلیز کی جائے گی۔ لیکن یہ فلم یورپ کے سنیما گھروں میں پہلے ہی نمائش کے لیے پیش کر دی گئی تھی۔ جرمنی میں بھی اس فلم کی نمائش کو اب تیسرا ہفتہ شروع ہو گیا ہے۔ اب تک کی یورپی باکس آفس رپورٹ کے مطابق اس فلم کو شائقین نے بہت پسند کیا ہے۔

فلم کی تشہیر کے لیے اسٹیون اشپیلبرگ بھی یورپ پہنچے تھے۔ اس فلم کو سب سے پہلے کامک کہانی کار ہیرگے (Hergé) کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے ان کے ملک بیلجیم میں ریلیز کیا گیا تھا۔

Flash-Galerie Die Abenteuer von Tim und Struppi
دی ایڈونچر آف ٹِن ٹِن فلم کا ایک منظرتصویر: 2011 Sony Pictures Releasing GmbH

اس فلم میں ٹِن ٹِن اپنے کتے سنوئی کے ساتھ ایک غرقاب خزانے کی تلاش کا سفر کرتا ہے۔ اس فلم میں بظاہر رپورٹر ٹِن ٹِن کی مہم مکمل نہیں ہوتی۔ اگلی دو سیریز میں سے ایک کو پیٹر جیکسن ڈائرکٹ کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں جبکہ تیسرے حصے کو جیکسن اور اشپیلبرگ کی مشترکہ ہدایتکاری میں مکمل کیا جائے گا۔

ایڈونچر آف ٹِن ٹِن سیریز کے لیے ہیرگے (Hergé) نے چوبیس حصے تخلیق کیے تھے۔ ریلیز ہونے والی فلم اس سیریز کے پہلے تین حصوں پر مشتمل ہے۔ اس فلم کے لیے خصوصی کمپیوٹر گرافکس پیٹر جیکسن کی کمیپنی Weta Digital میں تیار کیے گئے۔ اسی کمپنی میں لارڈ آف دی رنگ سیریز کے گرافکس کو تخلیق کیا گیا تھا۔ کوشش کی گئی ہے کہ فلم میں کام کرنے والے افراد کے نقوش مصنف کے تخلیق کردہ کردار کے مطابق ہوں۔

برطانیہ، فرانس اور بلیجیم میں یہ فلم اب تک سینما گھروں پر پچاسی لاکھ ڈالر کا سرمایہ اکھٹا کر چکی ہے۔ اس بات کا قوی امکان ہے کہ شمالی امریکہ میں ایڈونچر آف ٹِن ٹِن باکس آفس کے نئے ریکارڈ قائم کر سکتی ہے۔ جرمنی میں بھی اب تک اس کی آمدن اڑتالیس لاکھ ڈالر تک ریکارڈ کی گئی ہے۔ مشرقی یورپ، لاطینی امریکہ اور بھارت میں یہ فلم اسی ماہ نومبر میں ریلیز کرنے کی تیاریاں کی جا رہی ہیں۔

اس فلم کے کل تین حصے بنائے جائیں گے۔ فلم کے پروڈیوسر پیٹر جیکسن ہیں، جو لارڈ آف دی رنگ سیریز کی تین فلموں سے شہرت حاصل کر چکے ہیں۔ اسی سیریز کی ایک فلم پر وہ آسکر ایوارڈ بھی جیت چکے ہیں۔ ان دنوں وہ ’دی ہابٹ‘ نام کی فلم بنا رہے، جو سن 2012 میں ریلیز کی جائے گی۔ دی ہابٹ کے دو حصے ہیں اور دوسرا حصہ سن 2013 میں ریلیز کیا جائے گا۔ ایڈونچر آف ٹِن ٹِن کے ہدایتکار اسٹیون اشپیلبرگ ہیں۔ وہ بھی آسکر ایوراڈ یا فتہ ہیں۔

Flash-Galerie Die Abenteuer von Tim und Struppi
ٹن ٹن کا کتا سنوئیتصویر: 2011 Sony Pictures Releasing GmbH

ایڈونچر آف ٹِن ٹِن نام کی کامک سیریز کے خالق بیلجیم کے کامک کہانی کار ہیرگے (Hergé) ہیں۔ ان کا اصل نام Georges Prosper Remi ہے۔ ان کا انتقال سن 1983 میں ہوا تھا۔ مصنف ہیرگے انڈیانا جونز سیریز کی وجہ سے اشپیلبرگ کے بڑے مداح تھے۔ رحلت سے قبل ہیرگے اور اشپیلبرگ کی ملاقات شیڈیول تھی لیکن وہ اسی ہفتے کے دوران فوت ہوئے، جس میں یہ ملاقات ہونی تھی۔ بعد میں ان کی بیوہ نے اشپیلبرگ کو فلمانے کے حقوق دیے۔

ایڈونچر آف ٹِن ٹِن کا 80 زبانوں میں ترجمہ ہو چکا ہے۔ اس کو بیسویں صدی کا مقبول و معروف کامک ایڈوینچر قرار دیا گیا ہے۔

رپورٹ: عابد حسین

ادارت: عاطف بلوچ

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں