1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

دنیا کے سب سے بڑے کتاب میلے کا افتتاح

عابد حسین12 اکتوبر 2015

آج بدھ کے روز جرمن شہر فرینکفرٹ میں دنیا کے سب سے بڑے تصور کیے جانے والے کتاب میلے کا افتتاح ہو گیا ہے۔ سلمان رشدی کی شرکت پر ایران نے مسلم ملکوں سے میلے کے بائیکاٹ کی اپیل کی ہے۔

https://p.dw.com/p/1Gmh6
تصویر: Frankfurter Buchmesse

سلمان رشدی کی آمد اور ایرانی بائیکاٹ کے بعد اِس کتاب میلے کو متنازعہ خیال کیا جا رہا ہے۔ ایران کے بائیکاٹ کے حوالے سے میلے کے ڈائریکٹر ژوٴرگن بُوس کا کہنا ہے کہ اِس میلے کو سیاست کی نذر ہونے سے بچانے کی ہر ممکن کوشش کی گئی ہے اور رواں برس کے میلے کا ایک بنیاد موضوع آزادئ رائے ہے۔ بُوس کے مطابق سلمان رشدی کو اِس میلے کے موضوعات کے تناظر میں بطور مقرر دعوت دی گئی ہے۔ ایران نے کتاب میلے کے بائیکاٹ کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ آزادئ رائے کا بہانہ بنا کر عالم اسلام کی ناپسندیدہ شخصیت کو کتاب میلے میں شریک ہونے کی دعوت دی گئی ہے۔

تقریباً ایک ہفتہ قبل ایران کے نائب وزیر ثقافت عباس صالحی نے سلمان رشدی کی شرکت اور ایرانی ردِعمل کے طور پر اِس میلے کا بائیکاٹ کرنے کا اشارہ دیا تھا۔ منتظمین نے سلمان رشدی کی شرکت پر اپنا اصرار برقرار رکھا اور اسی باعث ایران نے رواں برس کے میلے میں شریک ہونے سے انکار کر دیا۔ عباس صالحی نے واضح طور پر کہا تھا کہ ایران دنیا کے سب سے بڑے کتاب میلے میں سلمان رشدی کی شرکت کے خلاف ہے۔ اپنے اُسی بیان میں صالحی نے صاف صاف کہہ دیا تھا کہ میلے کے منتظمین سلمان رشدی کی شرکت کو منسوخ نہیں کریں گے تو ایران میلے میں شریک نہیں ہو گا۔

Swetlana Alexijewitsch Bücher
رواں برس کا نوبل انعام حاصل کرنے والی ادیبہ سویٹلانا الیکسیوچ کی کتب بھی میلے میں رکھی گئی ہیںتصویر: picture alliance/Friedel Gierth

جنوب مشرقی ایشیا سے کم از کم ستر ادیب فرینکفرٹ کتاب میلے میں شریک ہیں۔ ان میں ایک لکشمی پامونجٹک اپنی نئی کتاب ’دی کوئسچن آف ریڈ‘ کو پیش کریں گی۔ اِس میلے کے دوران تین روز تک جاری رہنے والے مباحثوں میں تخلیق ادب میں مشکلات اورانتہا پسندی کے خلاف ادیبوں کی جدوجہد جیسے موضوعات کو مرکزی حیثیت حاصل ہونے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ ان مباحثوں کے مختلف سیشنز میں گفتگو کی ابتداء دنیا کے بیس مشہور ادیب کریں گے۔ ان بیس ادیبوں کے گروپ کی قیادت ڈنمارک کے معروف ادیب ژینے ٹیلر کو تفویض کی گئی ہے۔

فرینکفرٹ کتاب میلے میں سات ہزار تین سو کے قریب نمائش کنندگان دنیا کے مختلف ملکوں سے شریک ہیں۔ اس میلے میں مشہور برطانوی ناول نگار کیٹ فولیٹ اپنے معروف ناول ’پِلرز آف دی ورلڈ‘ پر مبنی ایک ویڈیو گیم کو بھی متعارف کروانے والی تقریب میں خاص طور پر شریک ہوں گے۔ اِس مرتبہ چلی کی ادیبہ ایزابیل آیاندے، ڈنمارک کی ژوسی ایڈلر اولسن اور برطانوی ماہرِ بشریات اور ادیب نِیجل بارلے کی شرکت کو بھی اہم خیال کیا گیا ہے۔