1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

دنیا کی طویل ترین سرنگ کی تعمیر میں اہم پیش رفت

16 اکتوبر 2010

سوئٹزرلینڈ میں دُنیا کی طویل ترین سرنگ کی تعمیر کے حوالے سے اہم پیش رفت ہوئی ہے۔ اس کے راستے میں الپس کے کوہستانی سلسلے کی آخری پہاڑی سے بھی راستہ نکال لیا گیا ہے۔

https://p.dw.com/p/PfT9
تصویر: AP

اس سرنگ پر کام گزشتہ 15 برس سے جاری ہے۔ جمعہ کو وہاں ایک دیوہیکل ڈرِل مشین نے راستہ بنایا تو یہ منظر دیکھنے کے لئے تقریباﹰ 200 اہم شخصیات موجود تھیں جبکہ اس تقریب کو سوئس ٹیلی ویژن پر براہ راست نشر کیا گیا۔ اس موقع پر سوئٹزرلینڈکے وزیر ٹرانسپورٹ مورِٹز لیوین بیرگر نے کہا، ’یہاں، سوئس کوہ الپس یورپ کے سب سے بڑے ماحولیاتی منصوبوں میں سے ایک، حقیقت بن گیا ہے۔‘

Hauptdurchschlag am Gotthard
اس سرنگ پر تقریباﹰ دس ارب ڈالر کی لاگت آئیتصویر: AlpTransit Gotthard AG

اس سرنگ پر گزشتہ 15 برس سے جاری کام کے دوران آٹھ افراد ہلاک بھی ہوئے جنہیں خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ اس مقصد کے لئے وہاں ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی اور ہلاک ہونے والوں کے نام پڑھے گئے۔

تعمیراتی کمپنی امپلینیا کے لوزی گروبیر نے کارکنوں کا شکریہ ادا کرتے ہوے کہا، ’ہم نے صرف سرنگ ہی نہیں بنائی، ہم نے ایک تاریخ رقم کی ہے۔‘

اس سرنگ سے گزرنے والا 57 کلومیٹر طویل ہائی سپیڈ ریل لِنک 2017ء میں کھولا جائے گا، جس کے ساتھ شمالی اور جنوب مشرقی یورپ کے درمیان نیا ریل نیٹ ورک قائم ہو جائے گا۔ اس کی مدد سے مال بردار ٹرکوں کے بجائے ٹرین کا سلسلہ شروع ہو جائےگا اور یہ پہلو کوہ الپس پر آلودگی کم کرنے میں بھی مددگار ثابت ہو گا۔

اس کے ذریعے اٹلی کے شہر میلان سے سفر کرنے والے تین گھنٹے میں ہی سوئٹزرلینڈ کے شہر زیورخ پہنچ جائیں گے، جہاں سے جرمنی کے شمالی علاقوں تک بھی ایک گھنٹے کی مسافت کم ہو جائے گی۔ اس کی تکمیل پر وہاں سے یومیہ 300 ٹرینیں گزر سکیں گی، جن کی رفتار 250 کلومیٹر فی گھنٹہ تک ہوگی۔ اس سرنگ کا قُطر ساڑھے نو میٹر ہے اور اس پر نو ارب 80 کروڑ ڈالر لاگت آئی ہے۔

NO FLASH Gotthard Tunnel Durchbruch
سرنگ کی کھدائی 15 برس میں مکمل ہوئیتصویر: AP

کوہ الپس کے برف پوش گوٹہارڈ کے علاقے میں بنائی جانے والی یہ تیسری سرنگ ہے۔ تاہم یہ وہاں کھودی جانے والی طویل ترین سرنگ ہے۔ یہ تو جاپان میں دو جزیروں کو ملانے والے 53.8 کلومیٹر زیرزمین ریل لنک سے بھی تین کلومیٹر زیادہ طویل ہے۔

رپورٹ: ندیم گِل

ادارت: کشور مصطفیٰ