دلائی لامہ کی سیاسی ذمہ داریوں سے حتمی دستبرداری
31 مئی 2011تبت کے جلاوطن باشندوں نے اپنی حکومت کے نئے سربراہ کے طور پر اپریل میں ہارورڈ یونیورسٹی کے تعلیم یافتہ 43 سالہ لوبسانگ سانگے کو نیا وزیر اعظم منتخب کیا تھا، جو زیادہ تر بین الاقوامی دوروں پر رہنے والے تبتی باشندوں کے روحانی پیشوا دلائی لامہ کی سیاسی ذمہ داریاں سنبھال چکے ہیں۔
بھارت کے شہر دھرم شالا میں دلائی لامہ کے ترجمان تیمپا سیرنگ نے خبر ایجنسی اے ایف پی کو بتایا کہ تبتی باشندوں کے رہنما کے طور پر دلائی لامہ کا یہ فیصلہ ایک تاریخی اقدام ہے۔ لیکن وہ مستقبل میں بھی اپنے پیروکاروں کے مذہبی رہنما اور تبت کی وحدت کی علامت رہیں گے۔ تیمپا سیرنگ نے کہا، ’دلائی لامہ نے اپنے سیاسی کردار میں بتدریج کمی کرنا شروع کر دی تھی اور اب وہ باقاعدہ طور پر اپنی سیاسی ذمہ داریوں سے دستبردار ہو گئے ہیں۔‘
75 سالہ دلائی لامہ نے اسی سال مارچ میں یہ اعلان کر دیا تھا کہ وہ تبت کی تحریک کے سیاسی لیڈر کے طور پر اپنا کردار ختم کر دینے کے خواہش مند ہیں اور مستقبل قریب میں یہ فرائض شمالی بھارتی شہر دھرم شالا میں قائم تبتی باشندوں کی جلاوطن حکومت کے نو منتخب سربراہ کو منتقل کر دیں گے۔
دھرم شالا سے موصولہ رپورٹوں میں کہا گیا ہے کہ اگرچہ دلائی لامہ تبتی باشندوں کے مذہبی اور روحانی رہنما کے طور پر اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے، جو ان کے سیاسی کردار کے مقابلے میں کہیں زیادہ اہم ہے، تاہم یہ بات بھی طے ہے کہ آئندہ جب کبھی بڑے پالیسی فیصلوں کی نوبت آئے گی، تو ایسے فیصلوں کے سلسلے میں دلائی لامہ کی ذات مسلسل بہت با اثر رہے گی۔ لیکن دوسری طرف باقاعدہ طور پر دلائی لامہ کے تبتی باشندوں کی سیاسی قیادت سے دستبردار ہو جانے کے بعد نو منتخب وزیر اعظم لوبسانگ سانگے تبت کی جلاوطن حکومت میں اپنے پیش رو وزیر اعظم کے مقابلے میں کہیں زیادہ نمایاں سیاسی شخصیت ہوں گے۔
تیمپا سیرنگ کے مطابق دلائی لامہ نے دھرم شالا میں، جو تبت کی جلاوطن حکومت کا ہیڈ کوارٹر بھی ہے، گزشتہ ویک اینڈ پر تبتی جلاوطن حکومت کے آئین میں ان ترامیم پر حتمی دستخط کردیے، جن کے بعد ان کا سیاسی کردار ختم ہو گیا ہے۔
دلائی لامہ کے ترجمان کے مطابق اپنے سیاسی کردار کا آئینی ترامیم کے ذریعے خود اپنے ہاتھوں خاتمہ وہ آخری سیاسی کام تھا، جو دلائی لامہ نے کیا اور اب ان کی جملہ سیاسی ذمہ داریاں تبت کی جلاوطن لیکن جمہوری طور پر منتخب حکومت کو منتقل ہو گئی ہیں۔ تیمپا سیرنگ کے مطابق اب دلائی لامہ انسانی اقدار کی ترویج اور مختلف مذاہب کے مابین بہتر ہم آہنگی کے لیے مزید مؤثر طور پر کام کر سکیں گے۔
رپورٹ: مقبول ملک
ادارت: عابد حسین