1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

’داعش کی خلافت کو تقسیم کرنے کی عسکری کوشش‘

عاطف بلوچ29 جون 2016

داعش کے جہادیوں نے شمالی شامی شہر البوکمال میں ’نیو سیریئن آرمی‘ کے ایک حملے کو ناکام بنا دیا ہے۔ باغیوں کی اس نئی کارروائی کا مقصد داعش کی خود ساختہ خلافت کو جغرافیائی طور پر دو حصوں میں تقسیم کرنا بتایا گیا ہے۔

https://p.dw.com/p/1JFv1
Syrien Militäroperation gegen IS
تصویر: picture-alliance/AA/H. Nasir

خبر رساں ادارے روئٹرز نے شامی باغیوں کے حوالے سے بتایا ہے کہ عراق کی سرحد سے متصل شامی شہر البوکمال میں اس تازہ فوجی کارروائی کا مقصد اس علاقے میں داعش کی کارروائیوں کو ختم کرنا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ اس کارروائی میں ان اعتدال پسند باغیوں کو امریکی فضائیہ کا مکمل تعاون بھی حاصل ہے۔

تاہم بدھ کو سیریئن آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس نے بتایا کہ جہادیوں نے ان باغیوں کے ایک اہم حملے کو ناکام بنا دیا جبکہ اس اہم ایئر بیس پر بھی کنٹرول حاصل کر لیا ہے، جس پر گزشتہ روز ان باغیوں نے داعش کے جنگجوؤں کو پسپا کر دیا تھا۔

دوسری طرف اعتدال پسند باغی گروہ ان جہادیوں کے خلاف ترک سرحد کے قریب واقع شامی علاقوں میں بھی اپنی کارروائیوں میں تیزی لے آئے ہیں۔ باغیوں کے ذرائع نے روئٹرز کو بتایا کہ اس دو طرفہ کارروائی کے نتیجے میں داعش کے جنگجوؤں پر عسکری دباؤ بڑھ چکا ہے۔

البو کمال میں جاری عسکری کارروائی کی قیادت ’نیو سیریئن آرمی‘ کر رہی ہے، جو اٹھارہ ماہ قبل مختلف شامی باغی گروہوں کے اتحاد کے نتیجے میں معرض وجود میں آئی تھی۔ ایسی اطلاعات بھی ہیں کہ اس آرمی کو امریکی عسکری ماہرین نے خصوصی تربیت بھی فراہم کر رکھی ہے۔

سیریئن آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس کے مطابق منگل کو شروع کیا گیا یہ آپریشن انتہائی اہم ہے کیونکہ اگر جہادی البو کمال میں پسپا ہو جاتے ہیں تو یہ ان کے لیے علامتی طور پر ایک بڑی شکست ہو گی۔ عسکری حوالے سے عراق اور شام کو ملانے والا یہ مقام انتہائی اہم قرار دیا جاتا ہے۔

شامی شہر البو کمال ملکی صوبے دیرالزور کا حصہ ہے، جہاں سے عراق کے ساتھ شامی سرحد زیادہ دور نہیں ہے۔ دیر الزور کے زیادہ تر حصوں پر داعش قابض ہے۔

Syrische Armee Soldaten Aleppo
البو کمال میں جاری عسکری کارروائی کی قیادت ’نیو سیریئن آرمی‘ کر رہی ہےتصویر: Getty Images/G.Ourfalian

داعش کے جنگجوؤں نے سن 2014 میں البو کمال پر قبضہ کرتے ہوئے عراق اور شام کے مابین اس سرحدی علاقے میں پائی جانے والی جغرافیائی تفریق ختم کر دی تھی۔ اسی وجہ سے داعش نے ان دونوں ممالک کے مختلف حصوں پر مشتمل اپنی نام نہاد خلافت کا دعویٰ کیا تھا۔

دریں اثناء امریکی محکمہ دفاع کے ایک ترجمان نے ایسی خبروں پر تبصرہ کرنے سے انکار کر دیا ہے کہ البو کمال میں تازہ کارروائی شروع کی گئی ہے، جس کے لیے امریکی عسکری اتحاد باغیوں کی مدد کر رہا ہے۔ تاہم ترجمان نے تسلیم کیا کہ واشنگٹن حکومت کچھ باغی گروہوں کی مدد کر رہی ہے۔ لیکن وہ کون سے باغی گروہ ہیں، اس بارے میں کوئی معلومات فراہم نہیں کی گئیں۔

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں