1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

خوش باش ممالک کی نئی فہرست، پاکستانی کتنے خوش ہیں؟

20 مارچ 2023

دنیا کے خوش ترین ممالک کی نئی درجہ بندی میں کل 137 ممالک میں پاکستان کو 108 ویں نمبر پر شمار کیا گیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق پاکستانی عوام خطے میں بھارتی، سری لنکن، افغانی اور بنگلہ دیشی عوام کی نسب زیادہ خوش ہیں۔

https://p.dw.com/p/4OvVz
Pakistans Importe bedroht, da die Devisenreserven ein Achtjahrestief erreichten
تصویر: Rizwan Tabassum/AFP

گیلپ انسٹیٹیوٹ کے سرویز پر مبنی امریکی محققین کی مرتب کردہ دنیا کے خوش ترین ممالک کی درجہ بندی میں پاکستان کو 108 ویں نمبر پر شمار کیا گیا ہے۔

پیر کو شائع ہونے والی 'ورلڈ ہیپی نیس رپورٹ' میں کل 137 ممالک کی درجہ بندی کی گئی ہے، جس میں فن لینڈ نے مسلسل چھٹے سال بھی اپنیپہلی پوزیشن برقرار رکھی ہے اور گزشتہ تین سالوں کی طرح افغانستان ہنوز آخری نمبر پر ہے۔

پچھلے سال اس فہرست میں 146 ممالک میں پاکستان کا نمبر 121 تھا اور جہاں اس سال اس کی رینکنگ میں قدرے بہتری آئی ہے وہیں اس رپورٹ میں یہ بھی واضح کر دیا گیا ہے کہ اس مرتبہ پاکستان کا مطلوبہ ڈیٹا دستیاب نہیں تھا، جس کی وجہ سے اس کی درجہ بندی پرانے ڈیٹا کی بنیاد پر کی گئی ہے۔

رپورٹ کے مطابق افغانی باشندوں کے علاوہ پاکستانی عوام خطے میں بھارتی، سری لنکن اور بنگلہ دیشی عوام کی نسب زیادہ خوش ہیں، جن کا رینک بتدریج 126، 112 اور 118 ہے ۔

اس درجہ بندی میں فن لینڈ کے علاوہڈنمارک اور آئس لینڈ کو بھی دنیا کے تین خوش ترین ممالک میں شمار کیا گیا ہے اور پانچ درجے اوپر آ کر اب اسرائیل چوتھی پوزیشن پر ہے۔ اس کے بعد پانچویں نمبر پر نیدرلینڈز ہے جبکہ 10 خوش ترین ممالک میں سوئیڈن، ناروے، سوئٹزرلینڈ، لکسمبرگ اور نیوزی لینڈ بھی شامل ہیں۔ البتہ جرمنی دو درجے گر کر اب 16 نمبر پر آ گیا ہے۔

رپورٹ میں امریکہ پندرہویں، برطانیہ انیسویں اور فرانس اکیسویں پوزیشن پر ہیں۔

دوسری جانب افغانستان سے ایک درجہ اوپر لبنان کو دنیا کے سب سے ناخوش ممالک میں شمار کیا گیا ہے۔

اس رپورٹ کو مرتب کرنے کے لیے کیے گئے سرویز میں ان ممالک کے باشندوں سے بنیادی طور پر پوچھا گیا تھا کہ وہ اپنی زندگی سے کتنے مطمئن ہے۔ اس کے علاوہ ہر ملک میں زندگی کے معیار کا تجزیہ کرنے کے لیے اس کے باشندوں کی آمدنی و صحت، فیصلے لینے کی آزادی، سخاوت، آیا وہ کسی پر انحصار کر سکتے اور وہاں بدعنوانی کی شرح جیسے عناصر کا جائزہ لیا گیا۔ 

رپورٹ میں ذہنی صحت کو فلاح و بہبود کے لیے اہم گردانا گیا اور اس بات پر زور دیا گیا کہ ہر شخص بغیر کسی امتیاز کے بنیادی انسانی حقوق کا حقدار ہے، جن میں زندہ رہنے اور آزادی کا حق، غلامی و تشدد سے آزادی، اظہار رائے کی آزادی اور تعلیم حاصل اور کام کرنے کا حق شامل ہیں۔

م ا/ ع ا (شکیل صبحان)