1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

’خود کشی کا معاہدہ‘ ، ایک بہن مر گئی دوسری بچ گئی

19 نومبر 2010

امریکی حکام نے کہا ہے کہ آسٹریلوی جڑواں بہنوں نے خود کشی کے باہمی معاہدے کے تحت ایک دوسرے پر فائر کئے، جس کے نتیجے میں ایک بہن موقع پر ہی ہلاک ہو گئی جبکہ دوسری شدید زخمی ہونے کے باوجود زندہ بچ گئی ہے۔

https://p.dw.com/p/QDDM
تصویر: AP

امریکی پولیس کے مطابق یہ واقعہ تین روز قبل ڈینور میں واقع ایک شوٹنگ رینج پر پیش آیا۔ زندہ بچ جانے والی بہن سے تفتیش کے بعد مقامی پولیس نے تصدیق کی ہے کہ یہ واقعی باہمی خودکشی کا ایک معاہدہ تھا، جس کے تحت دونوں نے ایک دوسرے پرفائرنگ کی۔

بتایا گیا ہے کہ وکٹورین سسٹرز کی عمریں 29 سال تھیں اور دونوں نے ایک دوسرے کے سر میں فائر کیا۔ مقامی پولیس افسر Louie Perea نے صحافیوں کو بتایا ہے کہ زندہ بچ جانے والی بہن نے معلومات فراہم کی ہیں تاہم یہ نہیں بتایا کہ دونوں نے خود کشی کی کوشش کیوں کی،’ موقع سے ملنے والے شواہد سے بھی یہی ظاہر ہوتا ہے کہ یہ خودکشی کی ہی کوشش تھی۔‘

Bild des Tages 21.12.2006, Schneesturm in Denver
یہ واقعہ ڈینور کی ایک شوٹنگ رینج پر پیش آیاتصویر: AP

زندہ بچ جانے والی خاتون کے سر میں شدید چوٹ آئی تھی تاہم دماغ کی سرجری کے بعد وہ اب خطرے سے باہر ہے۔ اس حادثے کے تین دن بعد پولیس نے اس سے تفتیش کی۔ پولیس حکام نے بتایا ہے کہ جب تک مکمل تحقیقات نہیں کر لی جاتیں، تب تک ان خواتین کی شناخت ظاہر نہیں کی جائے گی۔

امریکی ریاست کولوراڈو میں خود کشی کرنا جرم نہیں ہے۔ اس لئے زندہ بچ جانے والی خاتون کے خلاف کوئی قانونی کارروائی نہیں کی جائے گی۔ ابتدائی معلومات کے مطابق ان بہنوں کا تعلق آسٹریلوی شہر ملبورن سے تھا۔ ان کے والدین سن 1970ء میں جنوبی افریقہ سے آسٹریلیا چلے گئے تھے اور ان بہنوں کی پرورش آسٹریلیا میں ہی ہوئی تھی۔

پولیس حکام نے بتایا ہے کہ زندہ بچ جانے والی بہن اس وقت شدید ذہنی دباؤ کا شکار ہے اور اس کے والدین آسٹریلیا سے امریکہ پہنچنے والے ہیں۔

رپورٹ: عاطف بلوچ

ادارت: شادی خان سیف

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں