1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

خواتین پر جنسی حملے، دنیا کے بدترین شہر یہ ہیں

16 اکتوبر 2017

دنیا کے متعدد شہروں کو خواتین پر جنسی حملوں کے حوالے سے انتہائی غیر محفوظ سمجھا جاتا ہے۔ ایک نئے جائزے کے مطابق بھارت کا دارالحکومت نئی دہلی اور برازیلی شہر ساؤ پاولو خواتین کے لیے غیر محفوظ اور بدترین شہر ہیں۔

https://p.dw.com/p/2lthc
Indien Pakistan Symbolbild Vergewaltigung
تصویر: Getty Images

خواتین کے خلاف جنسی تشدد کے حوالے سے تھامسن روئٹرز فاؤنڈیشن کا ایک نیا سروے منظر عام پر آیا ہے، جس میں بھارتی دارالحکومت نئی دہلی اور برازیل کا شہر ساؤ پاولو کو دنیا کے بدترین شہر قرار دیا گیا ہے۔

دسمبر دو ہزار بارہ میں نئی دہلی کی ایک مسافر بس پر سفر کرنے والی ایک لڑکی کو انتہائی سفاکانہ انداز میں جنسی تشدد کا نشانہ بنایا گیا تھا اور اسے چلتی بس سے باہر پھینک دیا گیا تھا۔ اس کارروائی کے نتیجے میں وہ ہلاک ہو گئی تھی۔ تئیس سالہ طالبہ کی موت کے بعد دنیا کی اس سب سے بڑی جمہوریت میں خواتین کے حقوق کے حوالے سے ایک نئی جد وجہد کا آغاز ہوا تھا۔ ہزاروں مظاہرین نے سڑکوں پر نکلتے ہوئے تمام ملزمان کی گرفتاری اور ان کے خلاف قانونی کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔

Einwohner versammeln sich in Ranaghat Indien wo eine ältere Nonne vergewaltigt wurde
تصویر: picture-alliance/dpa

اس کے بعد بھارت میں صنفی مساوات کے لیے نئے قانون بنائے گئے، جنسی تشدد کا شکار ہونے والی خواتین کے لیے خصوصی عدالتوں کا قیام عمل میں لایا گیا لیکن ان تمام تر کوششوں کے باوجود چھبیس ملین کی آبادی والا شہر نئی دہلی ’ریپ کیپیٹل‘ ہونے کا داغ نہیں دھو پایا۔ خواتین کے خلاف ہونے والے تشدد کے حوالے سے مشہور انیس مخلتف شہروں میں نئی دہلی اور ساؤ پاؤلو پہلے نمبر پر ٹھہرے ہیں۔

نئی دہلی میں ہر چار گھنٹے میں ایک ریپ

بھارت میں یو این ویمن کی سربراہ  ربیکا رائشمان کے بقول، ’’میں رائے پر مبنی ان نتائج سے بالکل حیران نہیں ہوں۔ گزشتہ چند برسوں میں جنسی تشدد کے حوالے سے نئی دہلی اور ساؤ پاؤلو کو میڈیا پر کافی زیادہ توجہ ملی ہے۔‘‘ اس خاتون سربراہ کا مزید کہنا تھا، ’’اس میں کوئی شک نہیں ہے کہ دونوں شہروں میں جنسی تشدد ایک حقیقت ہے لیکن اس حوالے سے کوئی حتمی اعداد و شمار موجود نہیں ہے، جن سے یہ معلوم ہو کہ ان شہروں میں جنسی حملوں کے واقعات دیگر شہروں کے حوالے سے زیادہ ہیں۔‘‘

چودہ سالہ لڑکی کا ریپ، بھارتی رکن پارلیمان گرفتار

اسی رپورٹ میں جنسی تشدد کے حوالے سے مصر کا دارالحکومت قاہرہ تیسرے نمبر پر ہے۔ اس کے بعد میکسیکو سٹی اور ڈھاکا کا نمبر آتا ہے۔ جنسی حملوں کے حوالے سے اس رپورٹ میں جاپان کے شہر ٹوکیو کو خواتین کے لیے محفوظ ترین شہر قرار دیا گیا ہے۔