1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

حیدرکا بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان

9 نومبر 2010

ذوالقرنین حیدر نے بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا ہے۔ حیدر نے کہا ہے کہ انہیں اوران کے گھروالوں کو مسلسل دھمکیاں موصول ہو رہی ہیں اور اس صورتحال میں ان کا کرکٹ کو خیرباد کہہ دینا ہی مناسب ہے۔

https://p.dw.com/p/Q2Hp
حیدر نے تصدیق کی ہے کہ انہیں جان سے مارنے کی دھمکیاں موصول ہوئیںتصویر: AP

دبئی میں کھیلی گئی جنوبی افریقہ کے خلاف ایک روزہ میچوں کی سیریزکے پانچویں اور فیصلہ کن میچ سے قبل دبئی سے پرسرارطور پرلندن فرار ہونے والے پاکستانی کرکٹ ٹیم کے وکٹ کیپرذوالقرنین حیدر نے دعویٰ کیا ہے کہ انہیں میچ فکسرز سے تعاون کرنے کا حکم دیا گیا تھا۔

ذوالقرنین حیدر نے منگل کو بتایا ہے کہ انہیں ایک نامعلوم شخص نے اس سیریز کا چوتھا اور پانچواں میچ فکس کرنے کو کہا تھا، ’ مجھے کہا گیا تھا کہ میں تعاون کروں ورنہ دوسری صورت میں مجھے مشکلات کا سامنا ہو سکتا ہے۔‘

حیدر نے پاکستان کے نجی ٹیلی وژن 'جیو' کو بتایا ہے کہ انہیں جان سے مار دینے کی دھمکیاں موصول ہو رہی ہیں لیکن اس کے باجود وہ اپنی’دھرتی ماں‘ کو نہیں بیچ سکتے،’ اپنے ملک کی عزت اور ناموس کو فروخت کرنے سے بہتر ہے میں کہیں بھاگ جاؤں۔‘

Zulqarnain Haider Cricketspieler
ذوالقرنین حیدر، پاکستانی ٹیم کے دورہ انگلینڈ کے دوران میچ فکسنگ کی خبریں منظر عام پر آنا شروع ہوئیںتصویر: AP

ایسی خبریں بھی موصول ہو رہی ہیں کہ وہ برطانیہ میں سیاسی پناہ کے لئے درخواست دے سکتے ہیں۔ لندن پہنچنے کے بعد اپنے پہلےانٹرویو میں حیدر نے کہا کہ انہوں نے ابھی تک برطانیہ میں سیاسی پناہ کے بارے میں نہیں سوچا،’ میرے پاس اتنے پیسے نہیں ہیں کہ میں اپنے لئے کوئی وکیل کر سکوں، مجھے اس وقت سب سے زیادہ فکرمیرے گھر والوں کی ہے، جو لاہورمیں ہیں۔‘

ایک ٹیسٹ میچ اورچارایک روزہ میچوں میں پاکستان کی نمائندگی کرنے والے چوبیس سالہ حیدرنے کہا ہےکہ دبئی سے پرسرارطور پر فرار ہونے پر انہیں کوئی افسوس نہیں ہے، ’ میں نے وہ کیا، جو مجھے درست محسوس ہوا۔ میں اس وقت ان باتوں کی تفصیلات میں نہیں جانا چاہتا۔‘ انہوں نے تاہم کہا، ’ لیکن یہ ایک حقیقت ہے کہ میں کسی بدعنوانی کا حصہ بنتے ہوئے اپنے ملک کے خلاف نہیں جا سکتا۔‘

ذوالقرنین حیدر نے کہا کہ وہ لندن اس لئے گئے ہیں کیونکہ انہیں یہ معلوم ہے کہ وہاں وہ محفوظ ہو جائیں گے۔

رپورٹ: عاطف بلوچ

ادارت: افسر اعوان

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں