1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

’حکومت بےنظیر کے قتل کی تحقیقات میں سنجیدہ نہیں‘

27 دسمبر 2010

سابق وزیراعظم بےنظیر بھٹوکے قاتلوں کی گرفتاری کا مطالبہ ان کی تیسری برسی کےموقع پر پھر زور پکڑ گیا ہے۔ صفدر عباسی نے الزام لگایا ہےکہ حکومت بےنظیر بھٹو کے قتل کی تحقیقات کرنے میں سنجیدہ نظر نہیں آتی۔

https://p.dw.com/p/zqPV
تصویر: AP

حکومت نے برسی سے قبل چند پولیس افسران کو گرفتار کر کے یہ تاثر دیا ہےکہ بےنظیر بھٹو کے قتل اور اس کےحوالے سے رپورٹ جلد منظر عام پر لائی جائے گی۔ گڑھی خدا بخش اور نوڈیرو میں بےنظیر بھٹوکی تیسری برسی کےموقع پر ملک بھرسے گزشتہ روز ہی ہزاروں افراد یہاں پہنچنا شروع ہوگئے تھے۔ صدر آصف علی زرداری اور ان کی صاحبزادیوں، بختاور بھٹو اور آصفہ بھٹو نے گزشتہ رات سخت سکیورٹی میں بےنظیر بھٹو کے مزار پر حاضری دی ۔

حکومت نے آج بےنظیر بھٹو کی برسی کے سلسلےمیں عام تعطیل کا اعلان کیا تھا۔ صدر آصف زرداری نے نوڈیرو میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج کےدن ہمارے دل افسردہ ہیں لیکن اس بات پر فخر ہے کہ بےنظیر نےجان کی قربانی دےکرتاریخ میں نام لکھوالیا۔

Pakistan Wahlen Parlamentswahlen in Pakistan
بےنظیر بھٹو کو چاروں صوبوں کی زنجیر کہا جاتا ہےتصویر: dpa

بےنظیر بھٹو کی تیسری برسی کےموقع پر بےنظیر کی ساتھی ناہید خان کے شوہر صفدر عباسی نے الزام لگایا کہ حکومت تین سال گزرنے کے باوجود بےنظیر بھٹو کے قتل کی تحقیقات کرنے میں سنجیدہ نظر نہیں آتی۔ انہوں نے کہا کہ اگر ایسا ہوا تو پھر عوام کے دروازے پیپلز پارٹی کے لیے بند ہوجائیں گے۔ کارکنان بےنظیر بھٹو کے قتل کی نشاندہی چاہتے ہیں۔

دوسری جانب وفاقی وزیر اطلاعات قمر زمان کائرہ کا کہنا ہے کہ حکومت جلد بےنظیر بھٹو کے قاتلوں تک پہنچ جائےگی۔ لیکن صدر زرداری کے حوالےسے شکوک کا اظہار کرنا درست نہیں ہے۔ بےنظیر بھٹو کے بچے اور خاندان بےنظیر بھٹو کے قتل کی تحقیقات سے مطمئن ہیں۔ مبصرین کا کہنا ہے کہ بےنظیر بھٹو کی برسی سے چند روز قبل ایف آئی اے کی سرگرمیاں اور اس سلسلے میں بےنظیر بھٹو کے قاتلوں تک پہنچنے کے دعوےمحض سیاسی بیانات ہیں۔ حکومت اقوام متحدہ سے تحقیقات کرانے کےباوجود اس سازش سے پردہ اٹھانے میں سنجیدہ نظر نہیں آتی۔

رپورٹ: رفعت سعید، کراچی

ادارت: امتیازاحمد

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں