1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جہاز حادثہ، پولینڈ کے صدر اور چند اہم رہنما ہلاک

11 اپریل 2010

پولینڈ کے صدر لیخ کاچنسکی روسی شہر سمولنسک کے قریب پیش آنے والے جہاز حادثے میں ہلاک ہوگئے ہیں۔ اس حادثے میں ان کی اہلیہ کے علاوہ ملکی مرکزی بینک کے سربراہ، آرمی چیف اور نائب وزیرخارجہ بھی جان بحق ہوگئے۔

https://p.dw.com/p/Msdm
لیخ کاچنسکی اپنی اہلیہ کے ہمراہ حادثے سے پہلے 70 برس قبل سویت پولیس کے ہاتھوں پولستانی فوجیوں کے قتل عام کی یاد میں منعقدہ تقریب میںتصویر: AP

طیارے میں 96 افراد سوار تھے اور حادثے میں ان میں سے کوئی بھی زندہ نہ بچ سکا۔ تاہم حادثے کا شکار ہونے والے طیارے میں سوار افراد کی کل تعداد کے بارے میں مختلف اطلاعات سامنے آ رہی ہیں۔ چند ذرائع کے مطابق جہاز پر 132 افراد سوار تھے۔ تباہ ہونے واالے اس جہاز کا ایک بلیک باکس تلاش کر لیا گیا ہے۔

روسی شہر سمولنسک سے نزدیک Katyn نامی ایک مقام پر 70 برس قبل خفیہ سویت پولیس کے ہاتھوں پولستانی فوجیوں کا قتل عام ہوا تھا۔ ہفتے کے روز اُس واقعے کی یاد میں منعقد ہونے والی ایک سوگوار تقریب میں شرکت کے لئے ماسکو سے پرواز کرنے والا یہ وفد پولینڈ کے لئے ایک اور الم ناک خبر بن گیا۔ پولینڈ کا جہاز Tu-154 لینڈنگ کے وقت ایئرپورٹ کے قریب رن وے سے تقریبا 300 میٹر دور درختوں سے ٹکرا گیا اور اس کے ٹکڑے دور دور تک پھیل گئے۔ اس حادثے میں جہاز پر سوار تمام افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔

روسی ٹیلی ویژن چینلز پر دکھائے جانے والے فوٹیج میں اس جہاز کے چھوٹے چھوٹے ٹکڑے جنگل میں دور دور تک بکھرے ہوئے ہیں۔ سمولنسک کے گورنر سرگئی انتوفیف نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ جہاز پر سوار تمام 96 مسافر اس حادثے میں ہلاک ہوگئے۔

Lech Kaczynski Präsident Polen Archiv 2008
پولستانی صدر اپنے وفد کے ہمراہ Katyn جا رہے تھےتصویر: AP

ابتدائی طور پر سخت دھند کے باعث پائلٹ کی معمولی غلطی کو جہاز کے حادثے کا سبب قرار دیا جا رہا ہے۔ حادثے کے بعد روسی صدر ویمتری میدویدیف نے وزیراعظم ولادیمیر پوٹن کی قیادت میں ایک تفتیشی کمیشن قائم کر دیا ہے جو اس حادثے کی وجوہات جاننے کی کوشش کرے گا۔ روسی وزیراعظم اس حادثے کی خبر سامنے آنے کے کچھ ہی دیر بعد جائع حادثہ پر پہنچ گئے ہیں۔

ابھی تک مکمل فلائیٹ ڈیٹا ریکارڈ برآمد نہیں ہو سکا اور تفتیشی حکام فائر فائٹرز کے ساتھ ان آلات کو ڈھونڈنے کی کوشش میں مصروف ہیں تاہم جہاز کا ایک بلیک باکس تلاش کر لیا گیا ہے۔

جرمن چانسلر انگیلا میرکل نے اس واقعے پر اپنے شدید دکھ کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس خبر سے انہیں دلی صدمہ پہنچا ہے۔ دوسری جانب جنوبی افریقہ کے دورے پر گئے ہوئے جرمن وزیرخارجہ گیڈوویسٹرویلے نے بھی اس واقعے پر شدید صدمے کا اظاہر کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ واقعہ جرمنی کے لئے ایک دھچکے جیسا ہے اور انہیوں ذاتی طور پر بھی اس خبر سے صدمہ پہنچا ہے۔

امریکی صدر باراک اوباما نے اس واقعے کو ایک ناقابل تلافی نقصان قرار دیا ہے۔ انہوں نے اظہار تعذیت کے لئے پولینڈ کے وزیراعظم ڈونلڈ ٹُسک کو ٹیلی فون کیا۔ برطانوی وزیراعظم گورڈن براؤن نے بھی واقعے کو دنیا بھر کے لئے الم ناک قرار دیا ہے۔

فرانسیسی صدر نکولا سارکوزی نے بھی اس واقعے پر تائسف ظاہر کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس الم ناک موقع پر وہ اپنی جانب سے صدر کاچنسکی کے اہل خانہ اور واقعے میں ہلاک ہونے والے تمام افراد کے خاندانوں سے اظہار تعزیت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صدر صدر لیخ کاچنسکی کے ہلاکت پولینڈ کے لئے ایک بڑا المیہ ہے مگر اس موقعے پر فرانسیسی عوام پولستانی عوام کے دکھ میں برابر کے شریک ہے۔

رپورٹ : عاطف توقیر

ادارت : کشور مصطفٰی