1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
تاريخ

’جو جتنی جلدی واپس جائے گا، مراعات بھی اتنی زیادہ ملیں گی‘

شمشیر حیدر
20 جنوری 2017

جرمنی کے وفاقی دفتر برائے مہاجرت اور ترک وطن (بی اے ایم ایف) کی نئی سربراہ یُوٹا کورٹ کو توقع ہے کہ رواں برس جرمنی سے رضاکارانہ طور پر اپنے وطنوں کی جانب لوٹنے والے پناہ گزینوں کی تعداد میں اضافہ ہو گا۔

https://p.dw.com/p/2W6RU
Deutschland Rückführung von Flüchtlingen
تصویر: picture-alliance/dpa/S. Willnow

جرمن خبر رساں ادارے ڈی پی اے کی رپورٹوں کے مطابق  یُوٹا کورٹ کا یہ بھی کہنا ہے کہ وفاقی جرمن حکومت نے رضاکارانہ وطن واپس جانے والوں کو مالی معاونت فراہم کرنے کے لیے رواں برس چالیس ملین یورو کی خطیر رقم مختص کی ہے۔ ان اقدامات کا مقصد مہاجرین کی رضاکارانہ وطن واپسی کی حوصلہ افزائی کرنا ہے۔

جرمنی میں پناہ کی تمام درخواستوں پر فیصلے چند ماہ کے اندر

 جرمن اخبار ’فرینکفرٹر آلگمائنے سائٹُنگ‘ سے کی گئی اپنی ایک گفت گو میں انہوں نے کہا کہ اپنی مرضی سے آبائی وطنوں کا رخ کرنے والے مہاجرین کی تعداد میں اس برس ’’نمایاں طور پر اضافہ ہو گا۔‘‘  یُوٹا کورٹ نے بتایا کہ فروری کے مہینے سے وفاقی دفتر برائے مہاجرت اور ترک وطن (بی اے ایم ایف) جرمنی سے پناہ گزینوں کی ملک بدری میں بتدریج اضافہ کرے گا۔

مہاجرین کی رضاکارانہ وطن واپسی اور انہیں فراہم کی جانے والے مراعات کے بارے میں مزید تفصیلات بتاتے ہوئے کورٹ نے کہا کہ جب پناہ گزینوں کو معلوم ہو جائے کہ انہیں جرمنی میں رہنے کی اجازت نہیں دی جائے گی تو وہ سیاسی پناہ کی درخواست پر فیصلہ ہونے سے پہلے ہی اپنی رضاکارانہ وطن واپسی کے بارے میں بی اے ایم ایف کو مطلع کر سکتے ہیں۔ مراعات کے بارے میں انہوں نے کہا، ’’تارک وطن جتنی جلدی رضاکارانہ طور پر جرمنی سے واپس اپنے وطن جانے کا فیصلہ کرے گا، اسے مراعات بھی اتنی ہی زیادہ فراہم کی جائیں گی۔‘‘

2016ء کے دوران بی اے ایم ایف نے سیاسی پناہ کی قریب سات لاکھ درخواستوں پر ابتدائی فیصلے کیے تھے جن میں سے قریب ساٹھ فیصد کو جرمنی میں عارضی پناہ دے دی گئی تھی جب کہ باقی درخواستیں رد کر دی گئی تھیں۔ پچھلے برس قریب پچپن ہزار تارکین وطن اپنی مرضی سے اپنے اپنے وطنوں کی جانب واپس چلے گئے تھے۔

 بی اے ایم ایف کی سربراہ کے طور پر تعیناتی کے بعد یُوٹا کورٹ نے اس عزم کا اظہار کیا تھا کہ اس برس موسم بہار کے اختتام تک بی اے ایم ایف باقی ماندہ درخواستیں بھی نمٹا دے گا۔ 2016ء کے دوران قریب دس ہزار پاکستانی شہریوں کی درخواستوں پر ابتدائی فیصلے سنائے گئے۔ ان میں سے محض 353 افراد یا 3.5 فیصد کو پناہ دی گئی جب کہ باقی تمام درخواستیں مسترد کر دی گئیں۔

دو برسوں میں ایک لاکھ سے زائد پاکستانیوں نے یورپ میں پناہ کی درخواستیں دیں 

امیدوں کے سفر کی منزل، عمر بھر کے پچھتاوے