1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جوکووچ چھٹی مرتبہ آسٹریلین اوپن کے فاتح

عدنان اسحاق31 جنوری 2016

سرب کھلاڑی نوواک جوکووچ نے آسٹریلین اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کے فائنل میں برطانوی اسٹار اینڈی مرے کو شکست دے دی ہے۔ جوکووچ اپنے ٹائٹل کا دفاع کر رہے تھے۔ ٹینس کی عالمی درجہ بندی میں جوکووچ سرفہرست ہیں۔

https://p.dw.com/p/1HmXN
تصویر: picture alliance/AP Photo/A. Favila

نوواک جوکووچ نے اینڈی مرے کو چھ ایک، سات پانچ اور سات چھ سے شکست دی۔ ان دونوں کھلاڑیوں کے مابین یہ مقابلہ تقریباً تین گھنٹوں تک جاری رہا۔ اس طرح جوکووچ نے چھ مرتبہ یہ ٹورنامنٹ جیتنے کا آسٹریلوی کھلاڑی روئے ایمرسن کا ریکارڈ بھی برابر کر دیا ہے۔ روئے نے 1961ء سے 1967ء کے درمیان یہ کارنامہ انجام دیا تھا۔

اپنی فتح کے بعد جوکووچ نے مرے کو مخاطب کرتے ہوئے کہا ’’ اینڈی آج قسمت تم پر مہربان نہیں تھی۔ تم ایک بڑے کھلاڑی، اچھے دوست اور عظیم انسان ہو۔‘‘ عالمی نمبر ایک جوکووچ نے پہلی مرتبہ 2008ء میں یہ ٹائٹل حاصل کیا تھا۔ اس کے بعد وہ 2012ء میں اس ٹورنامنٹ کے فاتح قرار پائے اور پھر وہ 2011ء ،2013ء، 2015ء اور 2016ء میں آسٹریلین اوپن کے چیمپن بننے۔

Australian Open Tennis-Turnier in Melbourne Novak Djokovic
اینڈی مرے میچ ختم ہونے کے بعد جوکووچ کو مبارک دیتے ہوئےتصویر: picture alliance/AP Photo/A. Favila

یہ اس سرب کھلاڑی کا گیارہواں گرینڈ سلیم تھا اور اس طرح وہ ماضی کے عظیم ٹینس کھلاڑیوں روڈ لیوَر اور بیورن بورگ کی صف میں کھڑے ہو گئے ہیں۔ اس فہرست میں سوئس کھلاڑی راجر فیڈرر سب سے آگے ہیں۔ وہ ابھی تک سترہ مرتبہ گرینڈ سلیم جیت چکے ہیں۔

یہ پانچویں مرتبہ تھا جب اینڈی مرے نے آسٹریلین اوپن کے فائنل میں شکست کھائی ہے۔ تقریب تقسیم انعامات کے دوران جب مرے نے اپنی حاملہ اہلیہ کا شکریہ ادا کیا تو ان کی آنکھوں میں آنسو تھے۔ ’’ تمہارے تعاون کا شکریہ اور اب میرا اگلا پروگرام میرا گھر ہے۔‘‘۔ اینڈے مرے اگلے چند ہفتوں کے دوران باپ بننے والے ہیں۔

جوکووچ نے ابھی حال ہی میں قطری دارالحکومت دوہا میں اسپین کے رافائل نادال کو شکست دی تھی جبکہ وہ آسٹریلین اوپن کے فائنل میں سوئس کھلاڑی راجر فیڈر کو شکست دے کر پہنچے تھے۔ ٹینس کی دنیا میں ایک سال میں چار گرینڈ سلیم مقابلے ہوتے ہیں۔ ان میں آسٹریلین اوپن پہلا، اس کے بعد مئی جون میں فرانسیسی دارالحکومت پیرس کا فرنچ اوپن پھر جون جولائی میں برطانوی شہر لندن میں کھیلا جانے والا ومبلڈن اور پھر سال کا آخری گرینڈ سلیم یو ایس اوپن اگست ستمبر میں نیو یارک میں کھیلا جاتا ہے۔