1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جونسن اور کوربن کا ٹی وی مباحثہ: بریگزٹ کا معاملہ چھایا رہا

20 نومبر 2019

برطانیہ میں رواں برس بارہ دسمبر کو پارلیمانی انتخابات کا انعقاد ہو رہا ہے۔ ان انتخابات کے سلسلے میں وزیراعظم بورس جونسن اور اپوزیشن لیڈر جیریمی کوربن کے درمیان ٹی وی مباحثے میں بریگزٹ کا موضوع چھایا رہا۔

https://p.dw.com/p/3TNB3
TV-Duell im Wahlkampf in Großbritannien - Johnson gegen Corbyn
تصویر: picture-alliance/AP/Itv

کنزرویٹو پارٹی کے لیڈر اور وزیراعظم بورس جانسن کو بریگزٹ کے معاملے پر اپوزیشن کی سیاسی جماعت لیبر پارٹی کے رہنما جیریمی کوربن کے تلخ جملوں کا بھی سامنا کرنا پڑا۔ منگل انیس نومبر کی شام کو یہ مباحثہ ٹیلی وژن پر پیش کیا گیا۔ یہ انتخابات سے قبل کا پہلا مباحثہ تھا۔

مباحثے میں بورس جانسن نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ اگلے برس اکتیس جنوری کو یورپی یونین کو خیرباد کہہ دیں گے اور یونین کے ساتھ تجارتی سمجھوتے کو بھی سن 2020 کے ختم ہونے سے قبل طے کر لیں گے۔ اس کے جواب میں لیبر پارٹی کے لیڈر نے واضح کیا کہ اُن کی جماعت برسراقتدار آئی تو بریگزٹ معاملے پر ڈیل طے کرنے کے مذاکرات دوبارہ کیے جائیں گے۔

جیریمی کوربن نے یہ بھی واضح کیا کہ حکومت سنبھالنے کے تین ماہ کے دوران بریگزٹ پر ایک مرتبہ پھر عوامی رائے کے حصول کا ریفرنڈم کرایا جائے گا اور اس میں برطانوی عوام کو یہ ایک آپشن بھی دیا جائے گا کہ کیا آیا یونین سے نکلنے کے چھ ماہ کے بعد یونین میں دوبارہ شمولیت اختیار کی جائے۔

TV-Duell im Wahlkampf in Großbritannien | Johnson gegen Corbyn
منگل انیس نومبر کی شام کوربن اور جونسن کے درمیان یہ مباحثہ ٹیلی وژن پر پیش کیا گیاتصویر: picture-alliance/dpa/AP/Itv

مباحثے کے دوران ایک موقع پر بورس جونسن نے اپنے حریف لیڈر سے پوچھا کہ وہ یونین میں رہنے کو ترجیح دیں گے یا چھوڑنا اُن کے نزدیک اہم ہے۔ اس کی وضاحت میں کوربن کوئی واضح موقف اختیار کرنے سے قاصر رہے۔ انہوں نے اصرار کیا کہ وہ دوسرے ریفرنڈم میں سامنے آنے والی عوامی رائے کا احترام کریں گے۔

بریگزٹ معاملے پر بورس جونسن اور جیریمی کوربن کے درمیان انتہائی گرما گرم بحث دیکھنے میں آئی۔ لیبر پارٹی کے لیڈر نے یورپی یونین کو چھوڑنے کے لیے وزیراعظم  کے مقرر کردہ نظام الاوقات کو لغو اور احمقانہ قرار دیا۔ اس کے جواب میں جونسن نے لیبر پارٹی پر الزام لگایا کہ وہ تاخیری حربوں سے بریگزٹ کی راہ میں رکاوٹیں کھڑی کرنے کی کوششوں میں ہے۔

اس مباحثے میں دونوں لیڈروں نے ہیلتھ سروس کے ساتھ ساتھ چند اور موضوعات پر بھی گفتگو کی۔ مباحثے کے حوالے سے فوری طور مرتب کیے گئے رائے عامے کے جائزے کے مطابق انیس نومبر کا مباحثہ بورس جونسن نے جیت لیا ہے اور ان کے حق میں اکاون فیصد ووٹ پڑے جب کہ اپوزیشن لیڈر کی معروضات کو انچاس فیصد لوگوں نے پسند کیا۔

کنزرویٹو پارٹی نے اپنی انتخابی مہم کا آغاز قدرے سست روی اور کنفیوژن سے کیا ہے لیکن اب اِس کی مہم مضبوط بنیادوں پر استوار ہو چکی ہے۔ اس وقت رائے عامہ کے جائزوں کے مطابق کنزرویٹو پارٹی کو اپنی حریف جماعت لیبر پارٹی پر مناسب سبقت حاصل ہے۔ اس وقت دونوں جماعتیں کسی فیصلے کے بغیر ووٹرز پر توجہ مرکوز کیے ہوئے ہیں۔

ع ح ⁄ م م (ڈی پی اے، روئٹرز)