1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جنوبی کوریا اور امریکہ متفق: شمالی کوریا کا جوہری پروگرام قبول نہیں

مقبول ملک / ادارت :عابد حسین17 جون 2009

شمالی کوریا کے جوہری تجربے کے بعد جنوبی کوریا کے صدر کا دورہٴ امریکہ غیر معمُولی اہمیت کا حامل تصور کیا گیا ہے۔ دونوں صدور، کمیونسٹ شمالی کوریا کے جوہری پروگرام کے حوالے سے یکسان نکتہ نظر رکھتے ہیں۔

https://p.dw.com/p/IC3q
امریکی اور جنوبی کوریائی صدور کی ایک فائل فوٹوتصویر: AP

امریکی صدر باراک اوباما اور ان کے جنوبی کوریائی ہم منصب لی میونگ بَک نے کہا ہے کہ کمیونسٹ شمالی کوریا کو اپنا ایٹمی ہتھیاروں کا پروگرام لازمی طور پر ترک کرنا ہوگا اور پیونگ یانگ جس بحران کو ہوا دے رہا ہے، اس کے جواب میں کسی انعام کی توقع نہیں کی جانا چاہئے۔

جنوبی کوریائی صدر کے دورہٴ امریکہ کے دوران واشنگٹن میں امریکی صدر اوباما کے ساتھ ہونے والی ملاقات کے بعد دونوں رہنماؤں نے مشترکہ طور پر یہ موقف اختیار کیا کہ شمالی کوریا کے متنازعہ ایٹمی پروگرام کی وجہ سے پیدا ہونے والے بحران کے حوالے سے واشنگٹن اور سیئول کا نقطہ نظر ایک ہے۔

G 20 Gipfel in London Barack Obama Südkorea Präsident Lee Myung-bak.jpg
امریکی صدر اوباما اور جنوبی کوریا کے صدر کی ایک اور فائل فوٹوتصویر: AP

وائٹ ہاؤس میں منگل کی شام صدر لی میونگ بَک کی موجودگی میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے امریکی صدر اوباما نے کہا کہ کمیونسٹ کوریا اگر ایٹمی ہتھیاروں کی تیاری کے اپنے مق‍اصد میں کامیاب ہو گیا تو یہ پیش رفت پوری دنیا کے لئے شدید خطرات کا باعث ہو گی۔ اسی لئے اقوام متحدہ کی طرف سے حال ہی میں منظور کردہ نئی لیکن سخت پابندیوں پر عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے گا جن کا مقصد شمالی کوریا کو ایٹمی ہتھیاروں کے حصول سے ہر قیمت پر روکنا ہے۔

باراک اوباما کے مطابق جس طرح شمالی کوریا مسلسل اپنے ہمسایہ ملکوں کو دھمکیاں دے رہا ہے، وہ لہجہ یہ ثابت کرنے کے لئے کافی ہے کہ اگر پیونگ یانگ ایٹمی ہتھیاروں کی تیاری میں کامیاب ہو گیا تو یوں نہ صرف پورے خطے کا استحکام خطرے میں پڑ جائے گا بلکہ امریکہ اور پوری دنیا کی سلامتی بھی شدید نوعیت کے خطرات کا شکار ہو جائے گئی۔

Vor 60 Jahren entstand das kommunistische Nordkorea 3
شمالی کوریا کے لیڈر کی تصور پیونگ یانگ سے کچھ عرصہ قبل جاری کی گئی تھی۔تصویر: AP

شمالی کوریا کے ایٹمی پروگرام کے بارے میں امریکہ اور جنوبی کوریا کی مشترکہ حکمت عملی کی وضاحت کرتے ہوئے باراک اوباما نے کہاکہ وہ اور صدر لی اس بارے میں قطعی طور پر ہم خیال ہیں کہ جزیرہ نما کوریا کو مکمل طور پر ایٹمی ہتھیاروں سے پاک ہونا چاہئے۔ امریکہ جمہوریہ کوریا کے دفاع کا تہیہ کئے ہوئے ہے اور واشنگٹں اور سیئول کے مابین تعاون کی بنیاد دیرپا اتحاد پر ہے۔ امریکی صدر کا مزید کہنا تھا کہ بات چیت میں اُن اقدامات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا جو خِطے میں رُوس، چین اور جاپان جیسے پارٹنر ملکوں کے ساتھ مل کر کئے جارہے ہیں۔ اوباما کے نزدیک اِن تمام اقدامات کا مقصد شمالی کوریا پر یہ واضح کرنا ہے کہ وہ دھمکیوں اور غیر قانونی ہتھیاروں کے ذریعے اپنے لئے نہ تو عزت حاصل کر سکتا ہے اور نہ ہی سلامتی کا احساس۔

اس موقع پر جنوبی کوریا کے صدر نے کہا کہ سلامتی کونسل نے گذشتہ ہفتہ کمیونسٹ کوریا کے خلاف جو نئی سخت پابندیاں منطور کیں ہیں، وہ اس امر کا ثبوت ہیں کہ عالمی برادری پیونگ یونگ کو اُس کے ارادوں سے باز رکھنے کا تہیہ کئے ہوئے ہے۔