1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جنسی جرائم: نیا جرمن قانون منظور، ’نہ کا مطلب نہ ہی ہوتا ہے‘

ناؤمی کونراڈ / مقبول ملک7 جولائی 2016

جرمنی میں اب تک مروجہ قانون کے مطابق اگر کوئی عورت خود پر جنسی حملہ کرنے والے کسی مرد کے خلاف جسمانی دفاع کرے تو ہی وہ مرد ریپ کا مرتکب کہلائے گا لیکن اب جنسی زیادتی کی یہ قانونی تعریف بالآخر بدل دی گئی ہے۔

https://p.dw.com/p/1JLC1
Nein heißt Nein Sexualstrafrecht
جنسی جرائم سے متعلق نئے جرمن قانون کی بنیاد ہے: ’نہ کا مطلب نہ ہی ہوتا ہے‘تصویر: pictue-alliance/dpa/I.Kjer

کرسٹینا کلَیم (Christina Clemm) ایک ماہر قانون ہیں، جن کے پاس ایسی بہت سی خواتین آتی ہیں، جن کے بارے میں وہ فوراﹰ جان جاتی ہیں کہ قانونی طور پر ان کے لیے اپنا مقدمہ جیتنا ممکن نہیں ہو گا۔ یہ ایسی خواتین ہوتی ہیں، جنہیں مثلاً ریل گاڑی یا میٹرو میں سفر کے دوران جنسی طور پر ہراساں کیا گیا ہو، جنہیں کسی مرد نے دانستہ طور پر ہاتھ لگایا ہو یا ایسی ، جو رات گئے پبلک ٹرانسپورٹ بند ہو جانے کے بعد کسی جاننے والے کے ہاں پارٹی کے بعد اسی کے گھر میں صوفے پر سو گئی ہوں اور جنہیں صبح پتہ چلا ہو کہ ان کے ساتھ ہوا کیا ہے؟

کرسٹینا کلَیم جرمنی میں جنسی جرائم سے متعلقہ قانون کی ماہر وکیل ہیں اور وہ کہتی ہیں کہ اکثر ایسا بھی ہوتا ہے کہ کسی مرد کی طرف سے جنسی مقاصد کے لیے کی جانے والی پیش رفت پر کوئی خاتون واضح طور پر انکار تو کرتی ہے لیکن قانون اس کی عدم رضامندی اس لیے تسلیم نہیں کرتا کہ خاتون نے مرد کے خلاف جسمانی طور پر مزاحمت نہیں کی ہوتی۔

ایسا ہی ایک اور مقدمہ ابھی حال ہی میں ایک عدالت نے اس لیے خارج کر دیا کہ اس واقعے میں عدالت کے مطابق درخواست دہندہ خاتون نے خود پر جنسی حملہ کرنے والے مرد کے خلاف باقاعدہ جسمانی مزاحمت نہیں کی تھی۔

اس کا پس منظر یہ ہے کہ جرمنی میں اب تک یہ قانون نافذ ہے کہ کسی مرد کی طرف سے کسی خاتون کے خلاف جنسی مقصد کے تحت کی جانے والی جسمانی پیش رفت اور اس کے نتائج کو باقاعدہ جنسی زیادتی یا ریپ صرف اسی وقت سمجھا جاتا ہے، جب حملہ آور نے کوئی دھمکی دی ہو، کسی خاتون کو بزور طاقت خطرناک نتائج سے ڈرایا ہو اور متاثرہ عورت نے ایسے کسی ملزم کے خلاف اپنے دفاع کے لیے باقاعدہ جسمانی مزاحمت بھی کی ہو۔

Berlin Demo " Nein heißt Nein "
’نہ کا مطلب نہ ہی ہوتا ہے،‘ برلن میں حقوق نسواں کی کارکنوں کا ایک احتجاجی مظاہرہتصویر: picture-alliance/dpa/W. Kumm

قانون کی نظر میں اگر کسی مرد یا خاتون نے کسی بھی جنس سے تعلق رکھنے والے حملہ آور کی صرف منت سماجت ہی کی ہو، تو قانون کی نظر میں ایسا کوئی جبری جنسی تعلق ریپ نہیں سمجھا جاتا اور اسے جزوی طور پر متاثرہ فرد کی جسمانی رضامندی سے بھی تعبیر کیا جاتا ہے۔

یہی وجہ ہے کہ جرمنی میں م‍اہرین قانون اور خواتین کے حقوق کے لیے کام کرنے والے کارکن یہ شکایت کرتے ہیں کہ اس یورپی ملک میں کسی شخص کی ذاتی جائیداد کی تو قانونی طور پر بہت اچھی طرح حفاظت ممکن ہے لیکن اس کے برعکس کسی انسان کے دوسرے انسان کے ساتھ جبری جنسی رابطوں کی صورت میں جرم کا نشانہ بنے والے شہری کے حقوق کی تسلی بخش قانونی حفاظت ابھی تک ممکن نہیں ہوئی۔

اس بارے میں حقوق نسواں کی تنظیموں اور سرکردہ کارکنوں کا کہنا ہے کہ قانون سازوں کو اس بات کو بھی پیش نظر رکھنا چاہیے کہ جب کوئی خاتون نہ کہہ دیتی ہے تو ’نہ کا مطلب نہ ہی ہوتا ہے‘۔ لیکن جنسی تعلق قائم کرنے کے عمل میں اپنی عدم رضامندی کے باوجود زیادہ تر خواتین اس لیے جسمانی مزاحمت نہ کرنے کا فیصلہ کرتی ہیں کہ وہ متعلقہ مجرم سے خوفزدہ ہوتی ہیں یا وہ یہ سوچتی ہیں اگر انہوں نے اپنے ریپ کے خلاف جسمانی مزاحمت کی تو نتائج اور بھی زیادہ خطرناک ہو سکتے ہیں۔

اسی موضوع پر استنبول کنونشن کے نام سے ایک بین الاقوامی معاہدہ بھی موجود ہے، جس کے مطابق ہر وہ جنسی رابطہ قابل سزا جرم ہے، جس میں دونوں افرادکی رضا مندی شامل نہ ہو۔ اس کنونشن کی بنیاد بھی یہی کلیدی سوچ ہے کہ ’نہ کا مطلب نہ ہی ہوتا ہے‘۔ جرمنی اس کنونشن پر دستخط تو کر چکا ہے لیکن اس نے اب تک اس کی باقاعدہ توثیق نہیں کی ہے۔

Symbolbild Missbrauch Opfer
اب ملزمان کو یہ ثابت کرنا پڑا کرے گا کہ جنسی تعلق کے کسی بھی عمل میں دوسرے فریق کی ’واضح رضامندی‘ شامل تھیتصویر: Fotolia/DW

جرمنی میں اب تک نافذ اور اکثر خواتین کے موقف کے خلاف جانے والی ریپ کی قانونی تعریف اب عملاﹰ اس لیے بہت جلد بدل جائے گی کہ اس بارے میں اس سال مارچ میں وفاقی وزارت انصاف نے ایک نیا مسودہء قانون تیار کیا تھا۔ پھر اس پر موجودہ مخلوط حکومت میں شامل جماعتوں کے پارلیمانی گروپوں کے مابین اتفاق رائے بھی ہو گیا۔ آج جمعرات سات جولائی کے روز برلن کی وفاقی پارلیمان میں اس نئے قانون کی اکثریتی رائے سے منظوری بھی دے دی گئی۔

قابل تعریف بات یہ بھی ہے کہ اس مسودہء قانون کی اپوزیشن اور مخلوط حکومتی ارکان پارلیمان نے، جن کی تعداد 601 بنتی تھی، متفقہ رائے سے منظوری دی۔ اس طرح جرمنی میں اب جنسی جرائم کا نشانہ بننے والے افراد کے حقوق بہتر بنا دیے گئے ہیں، موجودہ قانون زیادہ سخت بنا دیا گیا ہے اور سب سے بڑھ کر یہ کہ اب ایسے جرائم سے متعلق ’نہ کا مطلب نہ ہی ہوتا ہے‘ کا پہلو اتنا مضبوط بنا دیا گیا ہے کہ اب کسی بھی ملزم کو اپنے دفاع میں یہ بھی ثابت کرنا پڑے گا کہ وہ جس عمل کا مرتکب ہوا، اس میں دوسرے فریق کی ’واضح رضامندی‘ بھی شامل تھی۔

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں