1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جمناسٹک: عالمی چیمپیئن شپ

رپورٹ:عابد حسین ، ادارت : امجد علی12 اکتوبر 2009

جمناسٹک اور اُس میں بھی آرٹسٹک جمناسٹک ایسی سپورٹ ہے جس میں کھلاڑی کی تربیت کا آغاز انتہائی کم عمری سے شروع کردیا جاتا ہے۔ اِسی تربیت کے باعث وہ اگلے سالوں میں عالمی مقابلوں میں شرکت کا اہل ہوتا ہے۔

https://p.dw.com/p/K4C4
آرٹسٹک جمناسٹک کا مظاہرہ: فائل فوٹوتصویر: AP

منگل 13 اکتوبر سے آرٹسٹک جمناسٹک کی عالمی چیمپیئن شپ برطانوی دارالحکومت لندن میں شروع ہو رہی ہے۔ فنکارانہ انداز کے اِس کھیل کی یہ چیمپیئن شپ اٹھارہ اکتوبر تک جاری رہے گی اور اِس میں سینکڑوں ہونہار جمناسٹ لڑکے اور لڑکیاں اپنے اپنے ملکوں کی نمائندگی کے لئے موجود ہوں گے۔ کسی زمانے میں روس اور امریکہ اِس سپورٹ کے بڑے پاور ہاؤسز تھے لیکن اب چین، شمالی کوریا اور جنوبی کوریا کے جمناسٹ بھی کم نہیں ہیں۔ خاص طور پر چین نے اِس سپورٹ میں انتہائی زیادہ مہارت حاصل کی ہے۔

Olympia, China, Peking, 2008, Gymnastik Team feiert den Gewinn der Goldmedaille
چینی جمانسٹک کھلاڑیوں کا گروپ : فائل فوٹوتصویر: AP

لندن میں جمناسٹک کا یہ سب سے معتبر ٹورنامنٹ پہلی بار منعقد ہو رہا ہے جبکہ ایک اور برطانوی شہر برمنگھم کو سن اُنیس سو ترانوے میں اِس عالمی چیمپیئن شپ کی میزبانی کا اعزاز حاصل ہو چکا ہے۔ لندن چیمپیئن شپ کے لئے جس ہال کا انتخاب کیا گیا ہے، اُس میں بارہ ہزار شائقین کے بیٹھنے کی گنجائش ہے۔ برطانیہ نے بھی اپنے ملک میں ہونے والی عالمی چیمپیئن شپ کے لئے انتہائی متوازن اور زوردار جمناسٹ ٹیم کا انتخاب کیا ہے۔

آرٹسٹک جمناسٹک آٹھ مختلف ڈسپلنز میں کھیلی جاتی ہے، جن کی تفصیل کچھ یوں ہے:

Sven Kwiatowski
پومل ہارس پر ایک جمناسٹتصویر: AP

والٹ:

ایک موٹے سے ڈنڈے یا سلاخ کو ایک خاص اونچائی پر ہموار شکل میں رکھا جاتا ہے اور جمناسٹ سے توقع کی جاتی ہے کہ وہ اِس پر مختلف فنکارانہ ورزشوں کے دوران اپنے بدن کو مناسب توازن کے ساتھ رکھنے میں کامیاب ہو گا۔ والٹ کی بلندی ڈیڑھ میٹر سے زائد ہوتی ہے اور کھلاڑی کو پچیس میٹر کی دُوری سے بھاگ کر آنا ہوتا ہے۔

اونچی نیچی سلاخیں:

دو مختلف مقامات پر اونچی نیچی سلاخوں پر جمناسٹ کو اپنے بدن کا توازن قائم کرنا ہوتا ہے۔ ایک سلاخ یا ڈنڈا زمین سےپونے تین میٹر کے اونچائی پر ہوتا ہے جب کہ دوسرا پونے دو میٹر سے بھی کم بلندی پر رکھا جاتا ہے۔ جمناسٹ مختلف اوقات میں اوپر سے نیچے شفٹ کرتے ہوئے اپنے فن کا مظاہرہ کرتا ہے۔

متوازی بیم :

زمین سے تین میٹر کی بلندی پر ایک متوازی بار پر جمناسٹ کو جھولا لیتے ہوئے کبھی سلاخ پر سیدھے اپنے بدن کا توازن قائم کرنا ہوتا ہے اور کبھی جھولتے ہوئے اُس کی رفتار کے دوران اُس کی ٹانگوں اور بازوؤں کو خاص طور پر دیکھا جاتا ہے کہ وہ کس انداز میں رکھی گئی ہیں اور جھولتے وقت بدن کے نامحسوس دائرے کے اندر بدن کتنا ساکت ہوتا ہے۔

DTB-Gala Andreas Wecker
جھولا بار پر جمناسٹتصویر: dpa

فرشی ورزشیں:

زمین یا فرش پر ایک چٹائی پر جمناسٹ کو مختلف ورزشیں فنکارانہ انداز میں مکمل کرنا ہوتی ہیں اور اِس میں بھی پورے بدن کا مختلف پوزیشنوں پر توازن یا بیلنس ہی اہمیت کا حامل ہوتا ہے۔ جمناسٹ تواتر سے الٹی اور سیدھی قلابازیاں بھی ایک خاص انداز میں لگاتا ہے۔

برابر سلاخیں :

زمین سے پونے دو میٹر کی بلندی پر دو برابر سطح پر سلاخیں یا ڈنڈے لگائے جاتے ہیں، جن پر کھلاڑی کو مختلف پوزیشنوں میں جھولنے کے ساتھ ساکت بھی کھڑا ہونا ہوتا ہے اور اِس میں بھی بدن کا بیلنس انتہائی باریک بینی سے پرکھا جاتا ہے۔

Wera Sesnia Gymnastik Berlin Masters
ردھمک جمناسٹکتصویر: AP

پومل ہارس :

زمین سے ایک میٹر سے زائد بلند سطح پر قدرے موٹائی میں پونے دو میٹر کے قریب لمبا ایک گدا نما شے کو پومل ہارس کہا جاتا ہے۔ اِس میں جمناسٹ کو مسلسل دائرے کی شکل اور گھڑی کے پنڈولم کے انداز میں حرکت کرنا ہو تی ہے۔ یہ حرکت سست روی کے ساتھ نہیں بلکہ ایک خاص مشینی امنداز میں کرنا ہوتی ہے، جس کا اپنا ایک ردھم ہوتا ہے۔

ہائی بار:

تین میٹر بلند ایک راڈ یا سلاخ پر جمناسٹ کو اپنی کسرتوں کا بھرپور انداز میں مظاہرہ کرنا ہوتا ہے۔ یہ خاصا مشکل ہوتا ہے اور فنکارانہ مہارت کا متقاضی ہوتا ہے۔ ہلکی سی غلطی مشکلات کا باعث بن جاتی ہے۔

جھولا بار:

تین میٹر بلند راڈ کے ساتھ دو رِنگ لٹکائے جاتے ہیں، جنہیں تھام کر کھلاڑی جھولتے ہوئے اوپر نیچے چکر لگانے کے دوران اپنے ہاتھوں اور شانے کے بل بوتے پر جس انداز میں اپنے بیلنس کو برقرار رکھتا ہے، وہی اُس کے فن کی معراج ہوتی ہے۔

اِن آٹھ ڈسپلنز میں دو اور بھی ڈسپلنز شامل کر لئے گئے ہیں مگر وہ اِن بنیادی ڈسپلنز کی اضافی اختراع تصور کئے جاتے ہیں۔

اِس بار کی عالمی آرٹسٹک جمناسٹک چیمپیئن شپ میں دو امریکی کھلاڑیوں کی کمی خاص طور پر محسوس کی جائے گی اور وہ ہیں ناستیا لوکن اور شان جونسن۔ اِن دونوں کا سابق جمناسٹک مقابلوں میں ریکارڈ انتہائی شاندار تھا۔ دونوں ذاتی مصروفیات اور کمرشل فلموں میں کام کرنے کے باعث ٹریننگ سے دور تھے۔ ناستیا لوکن چیمپیئن شپ کے دوران امریکی ٹیم کی حوصلہ افزائی کے ساتھ ساتھ مشاورت کے لئے موجود ہوں گی۔

جمانسٹک میں آرٹسٹک جمناسٹک کے علاوہ ردھمک جمناسٹم بھی ایک انتہائی دلچسپ اور پر کشش سپورٹ ہے۔ اِس کی بھی چیمپیئن شپ کا باقاعدہ انعقاد کیا جاتا ہے۔