1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جرمن وزیر خارجہ کا دورہ ہیٹی

17 جولائی 2011

جرمن وزیرخارجہ گیڈو ویسٹر ویلے آج ہیٹی پہنچ رہے ہیں۔ ہیٹی ان کےچار ملکی دورے کی آخری منزل ہے۔ وہ صدر مشل مارٹیلی سے ملاقات کریں گے۔

https://p.dw.com/p/11wzx
تصویر: dapd

جرمن وزیر خارجہ گیڈو ویسٹر ویلے کے دورے کا مقصد زلزلے سے تباہ حال اس ملک میں جرمنی کے تعاون سے چلنے والے تعمیر نو کے منصوبوں کا جائزہ لینا ہے۔ ہیٹی کے صدر مشل مارٹیلی سے بات چیت میں بھی تعمیر نو کے موضوع کو ہی مرکزی حیثیت حاصل رہے گی۔ ویسٹر ویلے نے ہیٹی پہنچنے سے قبل ہی اس ملک کے لیے مزید جرمن امداد کا وعدہ کیا ہے۔ ہیٹی میں جنوری 2010ء میں آنے والے زلزلے میں دو لاکھ سے زائد افراد ہلاک ہوئے تھے۔ ساتھ ہی کئی شہروں کا بنیادی ڈھانچہ تقریباً تباہ ہوگیا تھا۔

ہیٹی میں صدر مشل مارٹیلی نے مئی میں حلف اٹھایا تھا تاہم ابھی تک وہ کابینہ تشکیل دینے میں کامیاب نہیں ہو سکے ہیں۔ جرمن وزیر خارجہ گیڈو ویسٹر ویلے کے بقول ہیٹی میں حکومت سازی کے عمل کو فوری طور پر مکمل ہو جانا چاہیے۔ میکسیکو سے ہیٹی کے لیے روانہ ہونے سے کچھ دیر قبل جرمن وزیرخارجہ نے کہا کہ ہیٹی کو اپنی مشکلات سے باہر نکلنے کے لیے خود ہی کوششیں کرنا ہوں گی۔ مزید یہ کہ اس سلسلے میں ایک مضبوط حکومت کا ہونا بہت ضروری ہے۔

Haiti Deutschland Gabriele Benz bei einem Einsatz von Ärzte ohne Grenzen auf Haiti
ویسٹر ویلے نے ہیٹی کے لیے مزید جرمن امداد کا وعدہ کیا ہےتصویر: Gabriele Benz

ہیٹی میں ڈیڑھ برس پہلے آنے والے زلزلے کے بعد ابھی تک دس لاکھ سے زائد افراد بے گھر ہیں۔ جرمن وزیر خارجہ کا کہنا ہے کہ جرمن حکومت ہیٹی کے عوام کو بھولی نہیں ہے۔ ہیٹی جرمن وزیر خارجہ کے امریکی ممالک کے دورے کا آخری پڑاؤ ہے۔ اس سے قبل وہ ریاست ہائے متحدہ امریکہ، کولمبیا اور میکسیکو کا دورہ کر چکے ہیں۔

رپورٹ : عدنان اسحاق

ادارت: شامل شمس