1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جرمن شہری کا سوتیلی بیٹی سے جنسی زیادتی کا اعتراف

16 فروری 2011

جرمنی میں ایک ٹرک ڈرائیور نے اعتراف کیا ہے کہ اس نے اپنی سوتیلی بیٹی کے ساتھ ناجائز تعلقات قائم رکھے ہوئے تھے۔ اس دوران اس کے سات بچے پیدا ہوئے ہیں۔

https://p.dw.com/p/10Hh2
ڈیٹلف ایس کو 15 سال تک کی قید ہو سکتی ہےتصویر: picture alliance/dpa

ٹرک ڈرائیور کے بقول اس نے کبھی بھی اپنی بیٹی کو جنسی زیادتی کا نشانہ نہیں بنایا۔ 48 سالہ ڈیٹلف ایس پر جرمن شہر کوبلینز کی ایک عدالت میں مقدمے چل رہا ہے۔ اس پر سوتیلی بیٹی پر دباؤ ڈالنے، ہراساں کرنے، اپنی بیٹی اور سوتیلے بیٹے کے ساتھ بے رحمانہ سلوک اور زیادتی کے ساتھ ساتھ اپنی بیٹیوں کو زبردستی جسم فروشی پر مجبور کرنے کا الزام ہے۔ جس وقت ڈیٹلف کو عدالت میں لایا گیا اس کے چہرے پر کسی بھی طرح کے تاثرات دکھائی نہیں دے رہے تھے۔ الزامات کی تفصیل کے دوران وہ خاموشی سے کھڑا رہا۔ بعد ازاں ملزم نے اعتراف کیا کہ وہ اپنی سوتیلی بیٹی کے سات بچوں کا باپ ہے۔

وکیل استغاثہ نے عدالت کو بتایا کہ ملزم نے اپنی بیٹی، اپنی سوتیلی بیٹی اور سوتیلے بیٹے کو1987ء سے 2010ء کے دوران 350 مرتبہ جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا۔ سوتیلی بیٹی سے اس کے آٹھ بچے پیدا ہوئے، جن میں سے ایک پیدائش کے فوراً بعد ہی انتقال کر گیا تھا۔ اِس وقت اس لڑکی کی عمر 28 سال ہے۔ عدالتی کارروائی کے دوران ذرائع ابلاغ کو اندر آنے کی اجازت نہیں تھی تاہم بعد میں جج نے بتایا کہ لڑکی نے سوتیلے باپ پر لگائے جانے والے تمام الزامات کو صحیح قرار دیا ہے۔

Österreich Justiz Prozeß gegen Josef Fritzl
آسٹریئن باشندے فرٹزل نے 24 سال تک اپنی بیٹی کو قید میں رکھا تھاتصویر: AP

وکیل صفائی نے عدالت کو بتایا کہ ملزم بچوں کا باپ ہونے کو تو قبول کر رہا ہے لیکن اس پر عائد کیے جانے والے الزامات بے بنیاد ہیں۔ جرمن ذرائع ابلاغ میں اس واقعے کو آسٹریئن باشندے جوزف فرٹزل کے واقعے سے تشبیہ دی جا رہی ہے۔ فرٹزل نے اپنی بیٹی الزبتھ کو24 سال تک قید میں رکھتے ہوئے ہزاروں مرتبہ جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا تھا۔ اس دوران اس کے بھی سات بچے پیدا ہوئے جبکہ ایک پیدائش کے فوری بعد ہی انتقال کر گیا تھا۔ جوزف فرٹزل کو 2009ء میں عمر قید کی سزا سنائی گئی۔

ڈیٹلف ایس کے مقدمے کا فیصلہ 25 فروری کو سنایا جائے گا اور اگر اس پر یہ الزامات ثابت ہو جاتے ہیں تو اسے 15 سال قید کی سزا سنائی جائے گی۔ ڈیٹلف کی سوتیلی بیٹی جسے نتاشا کا فرضی نام دیا گیا ہے، نے صحافیوں کو بتایا اسے امید ہے کہ ڈیٹلف کو قرار واقعی سزا ملے گی۔

گزشتہ برس نومبر میں اسی نوعیت کا ایک واقعہ ارجنٹائن میں سامنے آیا تھا، جس میں 62 سالہ باپ نے 30 برسوں تک اپنی بیٹی کو قید رکھا تھا۔ اس دوران اس کے دس بچے پیدا ہوئے تھے۔

رپورٹ: عدنان اسحاق

ادارت : شادی خان سیف