1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جرمنی کے سیباستیان فیٹل فارمولا ون کے نئے عالمی چیمپیئن

15 نومبر 2010

جرمنی کے سیباستیان فیٹل فارمو ون F1 کے کم عمر ترین عالمی چیمپیئن بن گئے ہیں۔ فیٹل نے ابوظہبی میں سیزن کی آخری دوڑ میں فتح حاصل کرتے ہوئے یہ اعزاز حاصل کیا۔

https://p.dw.com/p/Q8Oq
تصویر: AP

23 سال اور 134دن کی عمر والے فیٹل فارمولا ون کی فائنل ریس میں داخل ہوتے وقت مجموعی کارکردگی کے اعتبار سے تیسری پوزیشن پر تھے۔ ان سے قبل کم عمر ترین چیمپئن لیوئس ہیملٹن تھے، جنہوں نے 2008ء میں 23 سال اور 307 دن کی عمر میں یہ اعزاز پایا تھا۔ اس ریس میں بھی اگرچہ وہ فیٹل کے بعد دوسرے نمبر پر رہے تاہم چیمپئن شپ کا ٹائیٹل نہ پا سکے۔

ریڈ بل ٹیم کے فیٹل نے، جو پہلی مرتبہ عالمی چیمپئن بنے ہیں، ابوظہبی میں چیمپئن شپ کے تگڑے امیدواروں کو پیچھے چھوڑ دیا۔ ہسپانوی فیرنانڈو الونسو ایک بار پھر عالمی چیمپئن بننے کے طاقتور ترین امیدوار تھے لیکن ابوظہبی گراں پری میں اُنہوں نے مایوس کن کارکردگی دکھائی اور ساتویں نمبر پر اختتامی لائن عبور کی۔ اس طرح فیٹل کو ان پر چار پوائنٹس کی سبقت مل گئی، جو انہیں چیمپیئن بنوانے کے لئے کافی تھی۔

Flash-Galerie Formel 1 Sebastian Vettel Red Bull Weltmeister
فیٹل نے اس تاریخی جیت پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کے پاس اپنے جذبات کے اظہار کے لئے الفاظ نہیں ہیںتصویر: AP

اگرچہ ایک لمحے پر الونسو کی پوزیشن خاصی بہتر تھی تاہم انہوں نے دوڑ کے ابتدائی مرحلے ہی میں اپنی فیراری ’پیٹنگ‘ کے لئے روک دی۔ ایسا کرنے سے وہ لگ بھگ چالیس لیپس تک نیکو روزبیرگ اور ویٹالی پیٹروف کے پیچھے پھنسے رہے۔ فاتح ریڈ بل ہی کے آسٹریلوی ڈرائیور مارک ویبر نے الونسو کے بعد آٹھویں ڈرائیور کے طور پر فائنل لائن کراس کی اور مجموعی کارکردگی کے اعتبار سے تیسرے نمبر پر رہے۔

ریکارڈ ساز جرمن ڈرائیور مشائیل شوماخر ابوظہبی گراں پری میں ایک خطرناک حادثے سے بال بال بچے۔ 41 سالہ شوماخر سات بار عالمی چیمپیئن شپ جیت چکے ہیں۔

ابوظہبی گراں پری میں فتح فیٹل کے فارمولا ون کیریئر کی دسویں اور رواں سیزن کی پانچویں کامیابی تھی۔ وہ مجموعی طور پر 256 پوائنٹس حاصل کرتے ہوئے عالمی چیمپئن بنے ہیں۔ فیرنانڈو الونسو 252 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے جبکہ مارک ویبر 242 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہے۔ ابوظہبی گراں پری ریس میں دوسری پوزیشن حاصل کرنے والے برطانوی ڈرائیور لیوئس ہیملٹن کے مجموعی پوائنٹس 240 رہے۔

رپورٹ: شادی خان سیف / خبر رساں ادارے

ادارت: امجد علی

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں