1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جرمنی میں غیر معمولی حد تک سرد خزاں، پہلی برف باری

مقبول ملک14 اکتوبر 2015

جرمنی میں موجودہ موسم خزاں کے دوران آج بدھ چودہ اکتوبر سے غیر معمولی سردی کی ایک لہر دیکھنے میں آئی ہے، جس دوران ملک کے مختلف علاقوں میں سرما کی پہلی برف باری بھی ہوئی۔

https://p.dw.com/p/1GoTV
پھول سورج مکھی کا اور اس پر برف اکتوبر کے وسط میںتصویر: picture-alliance/dpa/J. Taron

جرمن دارالحکومت برلن سے موصولہ نیوز ایجنسی ڈی پی اے کی رپورٹوں کے مطابق منگل اور بدھ کی درمیانی رات اور آج صبح جن علاقوں میں سردیوں کی پہلی برف باری دیکھی گئی، ان میں جرمنی کے وسطی اور مشرقی علاقے نمایاں تھے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق سردی کی اس لہر کی وجہ سے چند علاقوں میں درجہ حرارت نقطہ انجماد سے کافی نیچے گر گیا۔ زیادہ تر برف باری مشرقی صوبے تھیورنگیا کے جنگلاتی علاقے میں ہوئی، جو عرف عام میں جرمنی کا ’سبز دل‘ بھی کہلاتا ہے۔

اس کے علاوہ مشرقی صوبے سیکسنی میں اورے Ore کے پہاڑی علاقوں کے کئی حصوں میں بھی پہلی بار برف باری ہوئی جبکہ مشرقی شہروں لائپزگ اور ڈریسڈن میں آئندہ گھنٹوں کے دوران صفر ڈگری سینٹی گریڈ کے قریب قریب رہنے والے درجہ حرارت کے باعث مزید برف باری یا برفیلی بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

ماہر موسمیات کرسٹیان ہیرولڈ نے ڈی پی اے کو بتایا، ’’ایسا ہر سال نہیں ہوتا کہ موسم خزاں کے دوران اکتوبر کے وسط میں میدانی علاقوں میں بھی برف باری ہو۔ لیکن اس سال ایسا ہوا ہے اور شواہد بتاتے ہیں کہ موسم سرما کا آغاز معمول سے قبل ہو گا۔‘‘

وسطی جرمنی کے پہاڑی علاقوں میں تو ہر سال اکتوبر میں برف باری معمول کی بات ہوتی ہے، لیکن میدانی علاقوں میں ان دنوں نظر آنے والا بہت کم درجہ حرارت واقعی غیر معمولی ہے۔ جرمن محکمہ موسمیات کے ایک ماہر مانوئل فوگٹ کے بقول امکان ہے کہ اب تک جو برف پڑی ہے، وہ جلد ہی پگھل جائے گی اور اچانک سردی کی یہ غیر معمولی لہر زیادہ طویل ثابت نہیں ہو گی۔