1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جرمنی میں شمسی توانائی کے دو نئے منصوبے

24 اگست 2009

چند روز پہلے جرمنی میں شمسی توانائی کے دو نئے اور بڑے منصوبوں کا افتتاح عمل میں آیا۔ برانڈن برگ میں ایک سولر پارک نے جبکہ ژیولِش کے مقام پر شمسی توانائی سے چلنے والے ایک خاص بجلی گھر نے کام شروع کیا ہے۔

https://p.dw.com/p/JH1d
تصویر: picture-alliance/ dpa
Eröffnung des Solarparks Lieberose bei Cottbus, Brandenburg
برانڈن برگ میں ’’لِیبے روزے‘‘ کے مقام پر سولر پارک کی افتتاحی تقریبتصویر: AP

ان منصوبوں کا افتتاح جمعرات بیس اگست کو عمل میں آیا۔ صوبے برانڈن برگ میں قائم کئے گئے سولر پارک میں دو کمپنیوں ژُووی اور فرسٹ سولر نے سرمایہ کاری کی ہے۔ یہ سولر پارک جس جگہ بنایا گیا ہےے وہ ایک زمانے میں فوجی دَستوں کی مشقوں کے لئے استعمال کی جاتی تھی۔

اِس طرح فٹ بال کے دو سو دَس میدانوں جتنے رقبے پر جرمنی کا شمسی توانائی کا سب سے بڑا بجلی گھر تیار ہوا ہے، جس میں پانچ لاکھ ساٹھ ہزار شمسی پینلز استعمال کئے گئے ہیں۔ اِس بجلی گھر میں تریپن میگا واٹ بجلی پیدا ہو سکے گی، جس سے پچاس ہزار شہریوں کی بجلی کی ضروریات پوری کی جا سکیں گی۔ اِس منصوبے پر مجموعی طور پر ایک سو ساٹھ ملین یورو خرچ ہوئے ہیں۔

Solarthermische Versuchskraftwerk Jülich
ساٹھ میٹر بلند شمسی مینارتصویر: picture-alliance/ dpa

یہ بجلی گھر ابھی مکمل طور پر تعمیر نہیں ہوا ہے لیکن اِس نے بجلی ابھی سے پیدا کرنا شروع کر دی ہے۔ روایتی بجلی گھروں کے مقابلے میں اِس شمسی بجلی گھر سے حاصل ہونے والی بجلی کی مقدار بہرحال زیادہ نہیں ہے۔ واضح رہے کہ کوئلے سے چلنے والا ایک عام بجلی گھر سات سو میگا واٹ بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

بنیادی طور پر سورج سے حاصل شُدہ توانائی کو ماحول دوست خیال کیا جاتا ہے۔ اگرچہ شمسی پینلز کی تیاری میں زیادہ توانائی خارج ہونے کے باعث ضرر رساں گیسیں خارج ہوتی ہیں لیکن کوئلے سے حاصل شُدہ بجلی کے مقابلے میں اِن گیسوں کی مقدار بہت کم ہوتی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ ’’لِیبے روزے‘‘ کے سولر پارک سے حاصل شُدہ بجلی کے ذریعے سالانہ پینتیس ہزار ٹن کم کاربن ڈائی آکسائیڈ خارج ہو گی۔

بیس اگست کو ہی جرمن وزیر ماحول زیگمار گابریئل نے ژیُولِش کے مقام پر ایک منفرد شمسی بجلی گھر کا افتتاح کیا۔ ایک اعشاریہ پانچ میگا واٹ طاقت کے اِس بڑے آزمائشی منصوبے کی خاص بات یہ ہے کہ زمین پر آٹھ ہیکٹر کے رقبے پر دو ہزار ایک سو تریپن متحرک آئینے ایسے رُخ میں نصب کئے گئے ہیں کہ وہ دھوپ کو ایک ساٹھ میٹر بلند شمسی مینار کی چوٹی پر منعکس کرتے ہیں۔ یہ ٹیکنالوجی خاص طور پر ایسے ممالک میں مؤثر ثابت ہو گی، جہاں سورج سال بھر چمکتا ہے اور بہت زیادہ دھوپ ہوتی ہے۔

اِس منصوبے پر بائیس ملین یورو لاگت آئی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ یہ بجلی گھر تین سو پچاس گھروں کی بجلی کی ضروریات پوری کر سکتا ہے۔

رپورٹ: امجد علی

ادارت: ندیم گِل