1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جرمنی آنے والے تارکین وطن کی تعداد مزید کم

شمشیر حیدر AFP/Eurostat
8 مئی 2017

جرمن وزارت داخلہ کے مطابق ملک میں نئے آنے والے مہاجرین اور تارکین وطن کی تعداد میں مسلسل کمی ہو رہی ہے۔ اپریل کے مہینے میں قریب بارہ ہزار غیر ملکی جرمنی پہنچے جب کہ مارچ میں ایسے افراد کی تعداد اٹھارہ ہزار کے قریب تھی۔

https://p.dw.com/p/2cbwV
Griechenland Insel Kos - pakistanische Flüchtlinge
تصویر: picture-alliance/AP Photo/T. Stavrakis

نیوز ایجنسی اے ایف پی کی برلن سے موصولہ رپورٹوں کے مطابق جرمنی کی وفاقی وزارت داخلہ نے پناہ کی تلاش میں جرمنی کا رخ کرنے والے غیر ملکیوں کی تعداد سے متعلق تازہ اعداد و شمار جاری کیے ہیں۔ وزارت داخلہ کے مطابق اپریل کے مہینے میں جرمنی پہنچنے والے نئے تارکین وطن کی تعداد میں مزید کمی واقع ہوئی۔

یونان میں چند پیسوں کی خاطر جسم بیچتے پاکستانی مہاجر بچے

تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق اپریل کے مہینے میں تقریباﹰ بارہ ہزار نئے تارکین وطن پناہ کی تلاش میں جرمنی پہنچے۔ اس سے قبل مارچ کے پورے مہینے میں جرمنی پہنچنے والے تارکین وطن کی تعداد اٹھارہ ہزار سے کچھ زائد رہی تھی جب کہ اس سال جنوری اور فروری میں ایسے غیر ملکیوں کی تعداد بالترتیب سولہ اور پندرہ ہزار رہی تھی۔

یوں سال رواں کے پہلے چار مہینوں میں مجموعی طور پر مزید اکسٹھ ہزار غیر ملکی سیاسی پناہ کی تلاش میں جرمنی پہنچے۔ مہاجرین کی جرمنی آمد میں کمی کا اندازہ اس بات سے بھی لگایا جا سکتا ہے کہ سن 2016 کے اوائل میں صرف ایک مہینے میں اوسطاﹰ ستر ہزار غیر ملکی پناہ کی تلاش میں جرمنی پہنچ رہے تھے۔

اس برس بھی جرمنی آنے والے مہاجرین میں سے اکثریت کا تعلق خانہ جنگی کے شکار ملک شام سے ہے۔ وفاقی وزارت داخلہ کے مطابق اپریل کے مہینے میں جرمنی پہنچنے والے غیر ملکیوں میں سے قریب ڈھائی ہزار شامی، گیارہ سو عراقی، 929 ایرانی اور ساڑھے آٹھ سو افغان باشندے تھے۔

اس برس کے آغاز سے ہر مہینے اوسطاﹰ ساڑھے تین سو پاکستانی شہری بھی پناہ کی تلاش میں جرمنی پہنچے ہیں جب کہ اسی عرصے کے دوران اٹلی کا رخ کرنے والے پاکستانیوں کی ماہانہ اوسط تعداد قریب آٹھ سو رہی ہے۔

’یورپ میں انسانی ہمدردی کی بنیاد پر ویزے نہیں دیے جائیں گے‘