1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جرمنی:’’خالصتان زندہ باد فورس‘‘ کے دو ارکان گرفتار

9 دسمبر 2010

جرمنی میں دو بھارتی شہریوں کو ایک سکھ دہشت گرد تنظیم ’’خالصتان زندہ باد فورس‘‘ میں شامل ہونے کے الزام میں گرفتار کر لیا گیا ہے۔ جرمن حکام کے مطابق یہ گرفتاریاں منگل کو ہی عمل میں آ گئی تھیں۔

https://p.dw.com/p/QU8U
سکھ زائرین گولڈن ٹیمپل میںتصویر: AP

جرمن شہر کارلسروہے میں جرمن استغاثہ حکام کا کہنا ہے کہ 35 سالہ سکھ پریت ایس اور 41 سالہ جگتار ایس ایم کو فرینکفرٹ اور ڈسلڈورف کے قریب واقع چھوٹے شہروں اوفن باخ اور موئنشن گلاڈ باخ سے گرفتار کیا گیا تھا اور اُنہیں اگلے ہی روز جج کے سامنے پیش کر دیا گیا تھا۔ حکام کا کہنا ہے کہ ان دونوں بھارتی شہریوں پر ایک غیر ملکی دہشت گرد تنظیم کا رکن ہونے اور اسلحہ رکھنے سے متعلق قوانین کی خلاف ورزی کے الزامات ہیں۔

’’خالصتان زندہ باد فورس‘‘ (KZF) ایک تشدد پسند گروپ ہے، جو بھارت کے اُن علاقوں میں ایک آزاد سکھ ریاست تشکیل دینے کے لئے کوشاں ہے، جہاں سکھ اکثریت میں ہیں۔ یہ گروپ اُس ریاست کو ’’خالصتان‘‘ کا نام دیتا ہے۔

Goldener Tempel von Amritsar gestürmt
متحارب سکھوں کے درمیان لڑائی کا ایک منظر۔ بھارتی سکیورٹی فورسز نے پانچ جون 1984ء کو گولڈن ٹیمپل پر دھاوا بول دیا تھا، جس کے نتیجے میں خالصتان کے قیام کی جدوجہد کو سخت دھچکہ پہنچا تھاتصویر: dpa

جرمن استغاثہ حکام کے مطابق اِس تنظیم نے بارودی مواد، چھوٹے ہتھیار اور جعلی کرنسی اسمگل کر کے بھارتی ریاست پنجاب بھیجنے کی کوشش کی اور اِس کے یورپ میں سرگرم ارکان نے اِس کے لئے مالی وسائل اور عطیات فراہم کئے۔ مزید یہ کہ KZF نے یورپ کے گردواروں میں اعتدال پسند سکھ رہنماؤں کو طاقت استعمال کرتے ہوئے بھی ہٹانے اور بھارت سے باہر بسنے والی سکھ کمیونٹی کو اپنے کنٹرول میں لانے کی کوشش کی۔

بتایا گیا ہے کہ سکھ پریت ایس نے اس گروپ کے لئے ایک نیم خود کار ہتھیار گزشتہ برس خریدا تھا جبکہ جگتار ایس ایم نے ایسا ہی ایک ہتھیار اِس سال خریدا۔ ایک بیان میں بتایا گیا ہے کہ اُس نے اِس کے لئے 1350 یورو ادا کئے تھے۔ جرمن حکام کے مطابق یہ دونوں غالباً 2009ء میں اِس تنظیم کے رکن بنے تھے۔ دونوں گرفتار شُدگان سے تفتیش کا سلسلہ جاری ہے۔

رپورٹ: امجد علی / خبر رساں ادارے

ادارت: عدنان اسحاق

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں