1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ججوں کی تقرری کا تنازعہ: صدارتی حکم نامہ واپس

17 فروری 2010

پاکستان میں سپریم کورٹ کے نئے ججوں کی تقرری سے متعلق صدر آصف زرداری کا جاری کردہ حکم نامہ واپس لے لیا گیا ہے۔ یہ حکم نامہ ملکی سپریم کورٹ اور صدر کے مابین ایک تنازعے کی صورت اختیار کر گیا تھا۔

https://p.dw.com/p/M4Hp
تصویر: Abdul Sabooh

اس معاملے میں پاکستانی سپریم کورٹ نے صدارتی حکم نامے کو از خود نوٹس لیتے ہوئے چیلنج کر دیا تھا اور عدالتی کارروائی کے لئے اٹھارہ فروری کی تاریخ طے کی گئی تھی۔ اس معاملے کے باعث ملک میں جاری سیاسی محاذ آرائی میں مزید شدت آ گئی تھی۔

پاکستانی وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی نے بدھ کی شام سپریم کورٹ کے چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری سے ملاقات کے بعد یہ صدارتی حکم نامہ واپس لینے کا اعلان کیا۔ گیلانی کا کہنا تھا کہ یہ فیصلہ قوم اور سیاسی قوتوں کے بہترین مفاد میں ہے اور اس سے جمہوری نظام کو استحکام ملے گا۔ بہت سے معاشی مسائل اور سلامتی کی ابتر صورتحال کے باعث پاکستان میں سماجی زندگی پہلے سے ہی شدید متاثر نظر آ رہی تھی۔ اس دوران ایک آئینی بحران کی شکل اختیار کر سکنے والے اس عدالتی تنازعے نے بہت سے نئے لیکن سنگین خدشات کو جنم دیا تھا۔

Pakistan Präsident Zardari
ججوں کی تقرری کا نوٹیفیکیشن جاری کرنے پر نوازشریف نے صدر زرداری کو جمہوریت کے لئے خطرہ قرار دیا تھاتصویر: Abdul Sabooh

وزیرِاعظم گیلانی کے بقول سپریم کورٹ کے چیف جسٹس افتخار چوہدری کی تجویز کے مطابق نئے نوٹیفیکیشن کے تحت جسٹس ثاقب نثارکو سپریم کورٹ کا جج مقرر کیا جا رہا ہے جبکہ خواجہ شریف بدستور لاہور ہائی کورٹ کے چیف جسٹس کے طور پر اپنے فرائض سرانجام دیتے رہیں گے۔ لاہور ہائی کورٹ کے ایک سینیئر جج، جسٹس ثاقب نثار کے علاوہ جسٹس آصف کھوسہ کو بھی سپریم کورٹ کا جج مقرر کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔

اس تنازعے کے باعث پیدا شدہ سیاسی کشیدگی کے حوالے سے پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں وزیر اعظم گیلانی نے کہا: ’’اب معاملات مکمل طور پر طے ہوگئے ہیں۔‘‘ گزشتہ ویک اینڈ پر سپریم کورٹ نے صدر زرداری کی جانب سے ججوں کی تقرری کے ایک نوٹیفیکیشن کو آئین کی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے چیلنج کر دیا تھا جبکہ مسلم لیگ نون کے قائد اور ملکی اپوزیشن کے ایک اہم رہنما نواز شریف نے صدارتی حکم نامے کی مذمت کرتے ہوئے کہا تھا کہ پاکستان میں ’’جمہوریت کے لئے سب سے بڑا خطرہ‘‘ صدر آصف زرداری ہیں۔

رپورٹ: شادی خان سیف

ادارت: مقبول ملک