1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

تھائی لینڈ: شمالی کوریا کا اسلحہ بردار جہاز روک لیا گیا

14 دسمبر 2009

شمالی کوریا کا ایک اسلحہ بردار طیارہ بنکاک میں روک کر اس کے عملے کے پانچ افراد کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔ اقوام متحدہ کی پابندیوں کے بعد طیارے کو روکنے کا یہ پہلا واقعہ ہے۔

https://p.dw.com/p/L289
جہاز کا عملہ مزید 12 روز تک حراست میں رکھا جائے گاتصویر: AP

تھائی عدالت نے ابتدائی حکم میں گرفتار شدگان کو مزید 12 روز تک تفتیش کی غرض سے بنکاک ہی میں روکے رکھنے کا حکم دیا ہے۔

شمالی کوریا کی جانب سے ایٹمی تجربے کے بعد اقوام متحدہ کی قرار دار 1874 کے تحت شمالی کوریا پر اسلحے کی فروخت کے حوالے سے پابندیاں عائد کر دی گئیں تھیں۔

تھائی لینڈ کی عدالت نے 30 ٹن اسلحہ لانے والے جہاز کے عملے کو بارہ دن زیر حراست رکھنے کا حکم دے دیا۔ شمالی کوریا سے آنے والا اسلحے سے لدا یہ ہوائی جہاز اتوار کو بنکاک پہنچا تھا۔ بنکاک پولیس کے ترجمان نے بتایا ہے کہ عدالت نے مزید تفتیش کے لئے عملے کو روکنے کی درخواست منظور کرلی ہے۔

اس سے قبل امریکی نیوی نے ممنوعہ سامان سے لدا ایک بحری جہاز روک لیا تھا۔ اُس جہاز کے بارے میں خیال ظاہر کیا گیا تھا کہ شاید وہ میانمار جا رہا تھا۔

اگست کے مہینے میں متحدہ عرب امارات نے بھی شمالی کوریا کا ایک بحری جہاز روکا تھا، جس پر اسلحہ لدا ہوا تھا۔ یہ جہاز ایران جا رہا تھا۔ امریکی محکمہء خارجہ کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ شمالی کوریا میزائلوں کی فروخت سے کروڑوں ڈالر کما رہا ہے۔

روسی نائب وزیرخارجہ ایلیکسائی برودافکِن نے اپنے ایک تازہ بیان میں کہا ہے کہ ان تجربات کے بعد پیونگ یانگ پر یہ واضح ہو جانا چاہئے کہ اب اس کے اسلحے کی فروخت کا کوئی مستقبل نہیں ہے۔ تھائی لینڈ کے حکام نے جہاز کی منزل نہیں بتائی تاہم مقامی ذرائع ابلاغ کی رپورٹوں میں کہا جا رہا ہے کہ یہ جہاز ممکنہ طور پر سری لنکا یا پاکستان جا رہا تھا۔

رپورٹ : عاطف توقیر

ادارت : امجدعلی