1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

توت عنخ آمون کے تابوت کی تزئین نو شروع

18 جولائی 2019

فراعین مصر کے دور کے مشہور حکمران توت عنخ آمون کے قدیمی تابوت کی تزئین نو کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔ نوے برس سے زائد عرصے کے بعد اس تابوت کی قدیمی آرائش کو بہتر کیا جا رہا ہے۔

https://p.dw.com/p/3MFlZ
Ägypten Sarkophag von Pharao Tutanchamun wird restauriert
تصویر: Getty Images/AFP/M. El-Shahed

مشہور مصری فرعون توت عنخ آمون کے تابوت کو سن 1922 میں مشہور برطانوی ماہر آثار قدیمہ ہوارڈ کارٹر کی نگرانی میں ڈھونڈا گیا تھا۔ ہوارڈ کارٹر صرف ماہر آثار قدیمہ ہی نہیں تھے بلکہ وہ قدیمی مصری تہذیب کی زبان یعنی مصریات کے ماہر بھی تھے۔

مصری حکومت فراعین دور کی یادگاروں کے حوالے سے ایک نیا میوزیم تعمیر کرنے کے عمل سے گزر رہی ہے اور اس کا نام عظیم مصری عجائب گھر (Grand Egyptian Museum) تجویز کیا گیا ہے۔

ماہرین کے مطابق اس بڑے میوزیم میں سب سے اہم ترین نوادرات توت عنخ آمون کا تابوت اور اُس کے ساتھ ملنے والی بقیہ اشیاء ہوں گی۔ یہ عجائب گھر اہرامات الجیزہ کے علاقے میں کھولا جائے گا۔

توت عنخ آمون کے تابوت کی آرائش و تزئین کے امور کی نگرانی مصری آثار قدیمہ کے ماہر عیسیٰ زیدان کے حوالے ہے۔ اس منصوبے کی مناسبت سے وہ کہتے ہیں کہ گزشتہ کئی دہائیوں میں تابوت کو خاصا نقصان پہنچنے کے ساتھ ساتھ اس میں دراڑیں پڑ چکی ہیں۔ زیدان کے مطابق تابوت پر لگی سونے کی پتریاں بھی اکھڑنے لگی تھیں اور مجموعی حالت خاصی کمزور دکھائی دیتی تھی۔

Frankreich Tutanchamun-Ausstellung in Paris | Grande Halle de la Villette
توت عنخ آمون کے تابوت کے ساتھ ملنے والے نوادرات کی نمائش فرانس میں بھی ہو چکی ہےتصویر: Reuters/B. Tessier

عیسیٰ زیدان کے مطابق اس انتہائی بیش قیمت تابوت کی تزئین نو کا کام انتہائی احتیاط کے ساتھ تقریباً آٹھ ماہ میں مکمل کر لیا جائے گا۔ یہ امر اہم ہے کہ توت عنخ آمون کے مقبرے کی بحالی کا کام رواں برس جنوری میں دس برسوں میں ماہرین آثار قدیمہ کی نگرانی میں ماہر کاریگروں نے مکمل کیا تھا۔

یہ متفقہ طور پر تسلیم کیا جاتا ہے کہ قدیمی مصری تہذیب کے حاصل ہونے والے نوادرات میں فرعون توت عنخ آمون کے تابوت کے ساتھ ملنے والی اشیا انتہائی نایاب اور اہم ہیں۔ توت عنخ آمون نے مصر پر سن 1333 قبل از مسیح حکمرانی کی تھی۔ وہ تقریباً دس برس تک مصر کے فرعون رہے تھے۔ توت عنخ آمون کو تین تہوں والے تابوت میں محفوظ کیا گیا تھا۔ صرف پہلے تابوت کی مالیت بارہ لاکھ ڈالر لگائی گئی تھی۔

ع ح، ع ا، نیوز ایجنسیاں

قدیم مصری خاتون کی حنوط شدہ لاش