1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ترکی کے صوبے وان کو پھر زلزلے نے آ لیا

10 نومبر 2011

ترکی کے صوبے وان میں ایک مرتبہ پھر زلزلہ آیا ہے، جس کی زد میں آکر کم از کم سات ہلاکتوں کی تصدیق ہوچکی ہے، جن میں گزشتہ ماہ کے زلزلے سے متاثر ہونے والوں کی مدد کرنے والے بھی شامل ہیں۔

https://p.dw.com/p/1386B
تصویر: AP

ترکی سے موصولہ اطلاعات کے مطابق زلزلے کی شدت پانچ اعشاریہ چھ تھی اور یہ مقامی وقت کے مطابق شب نو بج کر 23 منٹ پر آیا۔ مقامی ذرائع ابلاغ کے مطابق بچاؤ کی فوری کارروائیوں میں سولہ افراد کو ملبے سے زندہ نکال لیا گیا ہے۔ اس زلزلے کے باعث خستہ حال 25 عمارتوں سمیت تین ہوٹل بھی گرے، جن میں رضا کار اور صحافی ٹھہرے ہوئے تھے۔

ایک مقامی ترک صحافی نے بتایا کہ وہ اپنے ساتھی صحافی کے ہمراہ بیرام نامی ہوٹل کے لیے جا رہا تھا کہ اس کی گاڑی ہچکولے لینے لگے، جس سے وہ سمجھ گیا کہ زلزلہ آیا ہے۔ بعد میں جب یہی صحافی بیرام ہوٹل پہنچا تو وہ منہدم ہوچکا تھا۔

خبر رساں ادارے ڈی پی اے کے مطابق منہدم ہونے والے بیرام، قہرمان اور اصلن ہوٹل میں قریب ایک سو مسافر رہائش ٹھہرے ہوئے تھے۔ ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔ سرکاری ٹیلی وژن ٹی آر ٹی نے سات ہلاکتوں کی تصدیق کی ہے۔ وزیر خارجہ احمد داؤد اوگلو جائے حادثہ پر پہنچ چکے ہیں۔

Türkei Erdbeben in Van FLASH-GALERIE
ترکی کے اس صوبے میں گزشتہ ماہ کی 23 تاریخ کو آنے والے زلزلے میں چھ سو سے زائد ہلاکتیں ہوئی تھیںتصویر: picture alliance/dpa

ملبے تلے دبی ایک لڑکی نے اپنے والد کو موبائل پر پیغام بھیجا ہے کہ وہ ایک عمارت کی زیر زمین منزل میں پانچ دیگر لوگوں کے ہمراہ پھنسی ہوئی ہے۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق معمولی زخمیوں کو مقامی ہسپتالوں اور گہرے زخم کھانے والوں کو علاج معالجے کے لیے دارالحکومت انقرہ روانہ کر دیا گیا ہے۔ ٹیلی وژن پر دکھائی گئی تصاویر کے مطابق آخری اطلاعات تک بیرام ہوٹل کے ملبے کو ہٹانے کا کام جاری تھا اور علاقے میں قدرتی گیس کی بُو کی وجہ سے امدادی کارکن خاصے محتاط ہیں۔

ترکی میں اکثر زلزلے آتے رہتے ہیں۔ ارضیاتی امور کے ترک ماہر الپیر ادیرمید نے بتایا کہ زلزلے کا مرکز وان کے وسطی شہری علاقے سے 20 کلومیٹر جنوب مغرب میں تھا۔ ان کے بقول زلزلے کے مرکز والے علاقے میں زیادہ تر عمارتوں کی بنیاد سخت چٹانوں کے اندر ہیں اسی لیے وہاں زیادہ نقصان نہیں ہوا جبکہ متاثرہ علاقوں میں عمارتوں کی بنیادیں قدرے کم ٹھوس مٹیریل کی بنی ہوئی ہیں۔

رپورٹ: شادی خان سیف

ادارت: ندیم گِل

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں