1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

تحفظ ماحولیات: سبز مکانی گیسوں کو کم کرنے کا عہد

8 مئی 2009

اقوام متحدہ کے تحفظ ماحولیات سے متعلق پینل کے مطابق صنعتی ممالک نے سال 2020 تک سبز مکانی گیسوں کے اخراج میں 1990 کے مقابلے میں نو سے 16 فیصد تک کمی کرنے کا عہد کیا ہے۔

https://p.dw.com/p/HlnZ
سبز مکانی گیسوں کے اخراج میں یہ کمی اقوام متحدہ کی تجویز کردہ سطح سے کافی کم ہے۔تصویر: picture-alliance / chromorange

اسی سال دسمبر میں کوپن ہیگن میں ہونے والی اقوام متحدہ کی ماحولیاتی کانفرنس سے قبل عالمی سطح پر تحفظ ماحول کے سلسلے میں ان دنوں مستقبل کے بہت سے اقدامات پر غور کیا جارہا ہے۔ اقوام متحدہ کے ماحولیات سے متعلق پینل کے مطابق قریب آٹھ ماہ بعد کوپن ہیگن میں طے پانے والامعاہدہ کیوٹو معاہدے سے زیادہ موثر ثابت ہوگا۔ دنیا کے 190 سے زیادہ ممالک ماحولیاتی تباہی کے تدارک کے لئے اقوام متحدہ کے اس معاہدے پر عمل درآمد کے پابند ہوں گے۔

ماحولیاتی تباہی کے معاملے میں امریکہ میں اوباما حکومت، جو کہ ماضی کی امریکی حکومتوں کے مقابلے میں عالمی درجہ حرارت میں اضافے کو روکنے کے لئے خاصی سرگرم نظر آتی ہے، ضرررساں گیسوں کے اخراج کی 2007 کی شرح میں 14 فیصد تک کمی لانے کا ارادہ رکھتی ہے۔

Wind power generators, Schleswig-Holstein, Germany, photo
جرمنی میں متبادل توانائی کے ذارئع کے طور پر پن بجلی گھوں سے بڑی مقدار میں بجلی حاصل کی جاتی ہےتصویر: AP

جرمنی میں ماحولیاتی اثرات سے متعلق پوٹسڈام میں قائم ادارے کے ایک ماہر Bill Hare کے مطابق "دنیا کے محتلف ممالک کے بتائے گئے اقدامات بڑھتے ہوئے عالمی درجہ حرارت میں دو ڈگری سینٹی گریڈ سے زیادہ کی کمی نہیں لاسکتے۔"

اس سلسلے میں سب سے متاثر کن اقدامات کا اعلان آسٹریلیا کی جانب سے کیا گیا ہے جن میں سبزمکانی گیسوں کے اخراج میں آئندہ، سال 2000 کے مقابلے میں 25 فیصد تک کمی کا عہد کیا گیا ہے مگر ساتھ ہی کاربن ڈائی آکسائڈ گیس کے اخراج کے حوالے سے صنعتی تجارتی پروگرام کو 2011 تک کے لئے ملتوی کردیا گیا ہے۔

آسٹریلیا کی طرف سے سبزمکانی گیسوں کے اخراج میں اس ممکنہ کمی کے ساتھ ترقی یافتہ ملکوں کی جانب سے زہریلی گیسوں کے اخراج میں 1990 کی شرح میں آئندہ 11 برسوں میں زیادہ سے زیادہ 16 فیصد تک کی مجموعی کمی متوقع ہے۔

کہا جا رہا ہے کہ ترقی یافتہ ریاستوں کے اعلان کردہ عالمی ماحول کے تحفظ سے متعلق اقدامات خوش آئند تو ہیں مگر اقوام متحدہ کے مطابق زہریلی گیسوں کے اخراج میں، سال 2008 سے 2012 تک، 1990 کے مقابلے میں کم ازکم پانچ فیصد تک کی کمی انتہائی ناگزیر ہے۔ اگر یہ اہداف حاصل کرلئے گئے تو پھر 2020 تک عالمی برادری کو دنیا بھر میں انہی گیسوں کے اخراج میں 25 سے 40 فیصد تک کمی کرنا ہو گی۔

اب تک ناروے نے سبزمکانی گیسوں کے اخراج میں سن 2020 تک 1990 کی شرح کے مقابلے میں 30 فیصد، سفید روس نے پانچ سے 10 فیصد تک، یورپی یونین نے 20 سے 30 فیصد تک، جاپان نے چھ سے 25 فیصد اور سوئٹزرلینڈ نے 20 تا 50 فیصد تک کمی کے ارادے ظاہر کئے ہیں۔

میرا جمال/ مقبول ملک