1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بیلجیم: کوشر اور حلال ذبح پر پابندی لگا دی گئی

8 مئی 2017

بیلجیم کے بڑے حصوں میں کوشر اور حلال ذبح پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ یورپئین جیوش کانگریس نے اس فیصلے کو بیلجیم میں دوسری عالمی جنگ میں نازیوں کے قبضے کے بعد ’’یہودی مذہبی حقوق پر سب سے بڑا حملہ‘‘ قرار دیا ہے۔

https://p.dw.com/p/2cd4D
Schächten eines Schafes in Kairo
تصویر: picture-alliance/dpa

بیلجیم کے جنوبی علاقے والونیا کی حکومت نے یہودیوں کے کوشر اور مسلمانوں کے حلال طریقے سے جانور ذبح کرنے پر پابندی عائد کر دی ہے۔ والونیا کی پارلیمان میں اس پابندی کے حوالے سے ایک قرار داد پیش کی گئی، جسے ماحولیاتی کمیٹی کی طرف سے متفقہ طور پر منظور کر لیا گیا۔

Frankreich Fleisch helal Fleischerei Paris Kennzeichnung
تصویر: AP

مسلمان اور یہودی ایک خاص طریقے سے جانوروں کو ذبح کرتے ہیں۔ ان دونوں مذاہب میں جانوروں کا گلہ کاٹ کر جانور کے جسم سے زیادہ سے زیادہ خون بہنے دیا جاتا ہے۔ دوسری جانب جانوروں کے حقوق کے لیے سرگرم تنظیمیں اس طریقے کو نامناسب قرار دیتی ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ ذبح کرنے سے پہلے جانور کو ذہنی طور پر بے ہوش کرنا چاہیے۔ اسی طرح کی ہی قانون سازی بیلجیم کے شمالی علاقے فلیمش کی پارلیمان کی طرف سے تجویز کی گئی ہے۔

دوسری جانب یورپی یہودی کانگریس نے اس فیصلے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ ای جے سی کے صدر کا اس حوالے سے کہنا تھا، ’’مغربی یورپ کے دل اور یورپی یونین کے وسط میں کیا جانے والا یہ فیصلہ یہودی کمیونٹی کے لیے ایک خوفناک پیغام ہے اور وہ یہ ہے کہ ہمارے براعظم میں یہودی ناپسندیدہ ہیں۔‘‘

ان کا اس حوالے سے مزید کہنا تھا، ’’یہ ایک جمہوری معاشرے میں ہمارے مساوی حقوق، ہماری ثقافت، مذہبی عبادات، برابری کے حقوق اور ہماری حیثیت کی بنیاد پر حملہ ہے۔ یہ قانون ان لوگوں کو مدد فراہم کرتا ہے، جو سام دشمن اور دوسرے مذاہب کی اقلیتوں کے خلاف ہیں۔‘‘

بیلجیم کے روزنامہ ’’ڈے مورگن‘  کے مطابق کوشر اور حلال ذبح پر پابندی کے حوالے سے یہ قانون جنوری 2019ء میں بیلجیم کے فلیمش علاقے میں نافذ العمل ہو جائے گا۔   بیلجیم کی مسلم کمیونٹی کی مذہبی کونسل کے مطابق وہ اس حوالے سے پہلے ہی اپنی پوزیشن واضح کر چکے ہیں اور اس میں کسی بھی قسم کی تبدیلی نہیں ہوئی ہے۔ قبل ازیں اس مسلم تنظیم نے اس حوالے سے شدید پریشانی کا اظہار کیا تھا کہ مسلمانوں کو اپنے عقیدے کے مطابق حلال ذبح کرنے سے روکا جا رہا ہے۔

 جرمنی، ڈنمارک، سوئٹزر لینڈ اور نیوزی لینڈ جیسے ملکوں میں پہلے ہی جانور کو بے ہوش کیے بغیر ذبح کرنے پر پابندی عائد ہے۔