1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بیجنگ حکومت مذہبی آزادی کو یقینی بنائے، چینی مسیحیوں کی اپیل

12 مئی 2011

چین میں مسیحی باشندوں کو گرفتار کرنے کے واقعات اکثر سامنے آتے رہتے ہیں۔ گزشتہ ہفتے ہی اس نوعیت کا ایک واقعہ پیش آیا تھا۔ اس صورتحال میں چین کے17کلیساؤں نے مل کر چین میں مذہبی آزادی کو یقینی بنانے کا مطالبہ کیا ہے۔

https://p.dw.com/p/11EA9
تصویر: AP

چین کی سوا ارب سے زائد کی آبادی میں سے ایک اندازے کے مطابق 40 ملین پروٹسٹنٹ اور 14ملین کیتھولک ہیں۔ مختلف تنظیموں کا خیال ہے کہ ان میں سے بہت سے افراد غیر اندراج شدہ کلیساؤں کے رکن ہیں۔ چین میں آباد کرسچن باشندے ایک طویل عرصے سے مذہبی آزادی کے حصول کے لیے سرگرداں ہیں۔ تاہم اب گھروں میں قائم 17کلیساؤں نے مل کر ملکی قانون سازوں سے اپیل کی ہے کہ انہیں تحفظ فراہم کیا جائے اور ان کی مذہبی آزادی کو یقینی بنایا جائے۔ یہ التماس ایک ایسے وقت میں سامنے آئی ہے، جب ابھی گزشتہ دنوں ہی بیجنگ میں پولیس نے متعدد مسیحیوں کو کھلے عام عبادت کرنے کے جرم میں گرفتار کر لیا تھا۔

اپنی نوعیت کی یہ پہلی درخواست دستی طور پر چین کی نیشنل پیپلز کانگریس کو پہنچا دی گئی ہے۔ اس میں تحریر ہے ’’ہم نے محسوس کیا ہے کہ حکومت اور کلیسا کے مابین تنازعہ بیجنگ تک بھی پہنچ گیا ہے۔ اور حکومت ابھی تک اس مسئلے کو حل کرنے کی کوشش نہیں کر رہی‘‘۔ ساتھ ہی گزشتہ اتوار کو شاؤگان چرچ سے تعلق رکھنے والے ارکان کی گرفتاری کے واقعے کی چھان بین کرانے کا مطالبہ بھی کیا گیا ہے۔ شاؤ گان چرچ نے اپنےارکان کو کھلے عام عبادت کرنے کی کال دی تھی، جس کے بعد اس چرچ کے کئی نمائندوں کو گرفتار کر لیا گیا تھا اور کئی نظر بند کر دیے گئے تھے۔

China Untergrund Shouwang Kirche Chor
ایک اندازے کے مطابق 40 ملین پروٹسٹنٹ اور 14ملین کیتھولک ہیںتصویر: picture-alliance/ANN

چین میں عبادت گاہوں کی تعمیر کی اجازت لینا بہت ہی مشکل مرحلہ ہوتا ہے۔ اس لیے لوگوں نے اپنے گھروں اور مختلف عمارتوں میں عبادت گاہیں بنا رکھی ہیں اور ان میں سے اکثر غیر قانونی طور پر قائم کی جاتی ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ جب کبھی پولیس چھاپہ مارتی ہے تو گرفتاریاں عمل میں آتی ہیں، چرچ کو تالا لگا دیا جاتا ہے اورکبھی کبھار تو پوری بلڈنگ ہی منہدم کر دی جاتی ہے۔

رپورٹ: عدنان اسحاق

ادارت: مقبول ملک

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں