1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

’بھارت کی دہشت گردی‘، پاکستان کی اقوام متحدہ میں شکایت

7 جنوری 2017

پاکستانی وزارت خارجہ کے مطابق اسلام آباد کی طرف سے اقوام متحدہ کو ایسی دستاویزات فراہم کی گئی ہیں، جن میں مبینہ طور پر بھارت کی پاکستان میں ’دہشت گردانہ کارروائیوں کے ثبوت‘ فراہم کیے گئے ہیں۔

https://p.dw.com/p/2VREe
USA New York - Generalsekretär António Guterres trifft Maleeha Lodhi
تصویر: UN Photo/E. Debebe

پاکستانی دفتر خارجہ کی طرف سے جاری ہونے والے ایک بیان کے مطابق اقوام متحدہ میں پاکستانی سفیر ملیحہ لودھی نے اس ادارے کے نئے سربراہ انتونیو گوئتیرس کو ایسی دستاویزات کا ایک سیٹ پیش کیا ہے، جس میں بھارت کے پاکستان میں مبینہ کردار اور دہشت گردی کو ہوا دینے کے حوالے سے بات کی گئی ہے۔

پاکستان کی طرف سے اقوام متحدہ میں یہ اقدام پاکستان میں گرفتار ہونے والے ایک مبینہ بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو کی گرفتاری کے بعد اٹھایا گیا ہے۔ پاکستانی حکام کا الزام عائد کرتے ہوئے کہنا ہے کہ بھارت کا یہ مبینہ جاسوس ملک میں ہونے والی متعدد دہشت گردانہ کارروائیوں میں ملوث ہے۔ پاکستانی میڈیا پر اس مبینہ بھارتی جاسوس کے متعدد ویڈیو پیغامات بھی جاری ہو چکے ہیں۔

اقوام متحدہ میں پاکستان کی قربانیوں کا اعتراف کیا جاتا ہے: ملیحہ لودھی

جاسوس گرفتار کرنے کے اس پاکستانی دعوے کے بعد بھارتی حکام نے یادیو تک رسائی حاصل کرنے کی درخواست کی تھی لیکن پاکستان نے اسے مسترد کر دیا تھا۔

پاکستانی سفیر ملیحہ لودھی نے اپنے فیس بک اکاؤنٹ پر کہا ہے کہ انہوں نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے ساتھ کئی دیگر علاقائی مسائل پر بھی گفتگو کی ہے۔ انتونیو گوئتیرس کو ان دستاویزات کے ساتھ ساتھ پاکستانی وزیر اعظم کے خصوصی مشیر برائے خارجہ امور سرتاج عزیز کی طرف سے لکھا گیا ایک خط بھی فراہم کیا گیا ہے۔

پاکستان کے مقامی میڈیا کے مطابق فراہم کردہ دستاویزات میں یہ الزام بھی عائد کیا گیا ہے کہ بھارتی خفیہ ایجنسیاں خاص طور پر بلوچستان، فاٹا اور پاکستان کے تجارتی مرکز کراچی میں سرگرم ہیں۔ پاکستان نے اقوام متحدہ سے کہا ہے کہ بھارت کی مبینہ سرگرمیاں اقوام متحدہ کے چارٹر کی کھلی خلاف ورزیاں ہیں اور ان سلامتی کونسل کی ان قرار دادوں کے بھی خلاف ہیں، جو انسداد دہشت گردی کے حوالے سے ہیں۔

دوسری جانب بھارت بھی پاکستان پر ایسے ہی الزامات عائد کرتا ہے۔ بھارتی حکومت کا الزام عائد کرتے ہوئے کہنا ہے کہ پاکستان بھارت میں خاص طور پر کشمیری علیحدگی پسندوں کی حمایت جاری رکھے ہوئے ہے۔