1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بھارت کا میزائل تجربہ ناکام

10 دسمبر 2010

بھارت میں بہتر بنائے گئے ایٹمی میزائل اگنی ٹو کا تجربہ ناکام ہوگیا ہے۔ بھارتی ٹی وی رپورٹ کے مطابق میزائل لانچ کرنے کے فوراً بعد سمندر میں گر کر تباہ ہو گیا۔

https://p.dw.com/p/QV1r
تصویر: AP

بھارتی ریاست اڑیسہ میں اگنی ٹو پلس کا ناکام تجربہ کیا گیا تھا۔ زمین سے زمین تک مار کرنے والا یہ میزائل موبائل پیڈ سے لانچ کے چند سیکنڈز بعد ہی سمندر میں گر گیا۔ اس میزائل کی رینج 2500 سے 3000 کلو میٹر کے درمیان بتائی گئی ہے اور یہ بھارت کے طاقتور ترین میزائلوں، 2000 کلومیڑ تک مار کرنے والے اگنی ٹو اور 3500 کلو میڑ کی رینج کے اگنی تھری کی درمیانی شکل تھا۔

Flash-Galerie Atommächte weltweit
اگنی ٹو اور اگنی تھری بھارت کے طاقتور ترین میزائل مانے جاتے ہیںتصویر: AP

دفاعی تحقیق اور ترقی کی بھارتی آرگنائزیشن کے سائنسدانوں کے مطابق اس میزائل میں جو بہتری لائی گئی تھی اس کی وجہ سے اگر یہ تجربہ کامیاب ہو جاتا تو یہ میزائل نہ صرف زیادہ دور تک ہدف کو نشانہ بنا لیتا بلکہ اپنے بہتر کئے گئے نیویگیشن سسٹم کی بدولت ہدف کو بالکل صحیح نشانہ بنا سکتا تھا۔ اس میزائل میں ایک ٹن تک بارودی مواد یا نیوکلیئر وار ہیڈ لے جانے کی صلاحیت رکھی گئی تھی۔

بھارتی حکام کے مطابق یہ تجربہ کیوں ناکام ہوا ابھی اس کی وجہ سامنے نہیں آئی ہے، اس معاملے کی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔ دوسری جانب بھارتی محکمہ دفاع نے اس پر تبصرہ کرنے سے یہ کہہ کرانکار کر دیا ہے کہ ابھی ان کو اس تجربے کی تفصیلات موصول نہیں ہوئی ہیں۔

اس سے پہلے بھارت نے11 اپریل 1999 کو اگنی ٹو کا پہلی بار تجربہ کیا تھا۔2001 میں دوسرے اور کامیاب تجربے کے بعد اس کو مزید پیداوار کے لئے فوج کے حوالے کر دیا گیا تھا۔ مئی 2009 میں بھارتی فوج کی جانب سے اس کا ایک اور تجربہ کیا گیا، جو ناکام رہا تھا۔ پھر 2009 میں ہی نومبر کے مہینے میں اس کا ایک اور ناکام تجربہ ہوا۔ بالآخراس کا 17 مئی 2010 کو کیا گیا چوتھا تجربہ کامیاب رہا تھا۔

رپورٹ: عنبرین فاطمہ

ادارت: عدنان اسحاق

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں